Monday , August 21 2017
Home / Top Stories / نظام آباد میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقہ زیر آب

نظام آباد میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقہ زیر آب

مسجد میں بھی پانی داخل، ریلوے اسٹیشن اور سڑکیں جھیل میں تبدیل، عوام کا زبردست احتجاج، ٹریفک میں خلل

نظام آباد:8؍ جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شہر نظام آباد میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیااور موسلادھار بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا۔ جس کی وجہ سے بودھن روڈ واقع اہلحدیث کی مسجدو دیگر نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے کی وجہ سے اس علاقہ کی عوام نے بودھن روڈ پر زبردست احتجاج کرتے ہوئے راستہ روکو کیاجس کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پیدا ہونے پر پولیس یہاں پہنچ کر راستہ روکوکو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن عوام بضدہوکر کمشنر اور مئیر کے آنے تک راستہ روکو کو جاری رکھنے کا اعلان کیاجس پر کمشنر اور مئیر کو پہنچ کر مسئلہ کی یکسوئی کیلئے اقدامات کرنے کا تیقن دینا پڑا۔ تفصیلات کے بموجب آج صبح اچانک بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا اور تیز رفتار ہوئی بارش کی وجہ سے نشیبی علاقہ خاص طور سے احمد پورہ کالونی، کھوجہ کالونی، حبیب نگر، بودھن روڈ، مرچی کمپائونڈ و دیگر علاقوں میں پانی بہنا شروع ہوگیااور دیکھتے ہی دیکھتے سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئی بارش کا یہ سلسلہ تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا۔ بارش کی وجہ سے ریلوے اسٹیشن کے احاطہ میں زبردست پانی جمع ہوگیا اور مسافروں کو ریلوے اسٹیشن میں پہنچنے کیلئے انتہائی مشکلوں سے گذرنا پڑرہا تھا۔ بارش کی وجہ سے پانی جمع ہوگیا اور بودھن روڈ پر واقع ڈرین کی عدم نکاسی کی وجہ سے پانی سڑکوں پر جمع رہا اور بودھن روڈ پر واقع مکانات کے علاوہ جامع مسجد اہلحدیث میں پانی داخل ہوگیا

 

جس پر اہلیان محلہ نے شدید احتجاج کیا جس سے بودھن روڈ پر دونوں طرف گاڑیاں ٹھہر گئی جس کی وجہ سے ٹرافک میں زبردست خلل پیدا ہوا اور ٹرافک نظام درہم برہم ہوگیا۔ اس بات کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او رویندر پولیس کی جمعیت کے ساتھ یہاں پہنچ کر ٹرافک نظام کو بحال کرنے کی کوشش کی لیکن احتجاجی بضد تھے۔ کمشنر اور مئیر کے آنے تک احتجاج کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر مئیر آکولہ سجاتا اور کمشنر سی ایچ ناگیشور رائویہاں پہنچ کر احتجاجیوں سے بات چیت کی اور حالات کا جائزہ لیا اور پانی کی نکاسی کیلئے اقدامات کرنے کا تیقن دیتے ہوئے میونسپل کے انجینئرس عہدیداروں کو اس خصوص میں اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ شہر میں ہوئی بارش کی وجہ سے بودھن روڈ کے علاوہ حبیب نگر، احمد پورہ کالونی ودیگر نشیبی علاقہ میں واقع مکانات میں پانی داخل ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ خاص طور سے ریلوے اسٹیشن کے احاطہ میں پانی جمع ہونے پر یہ منظرجھیل کی طرح دیکھ رہا تھا۔ پانی کی نکاسی کا نظام انتہائی ابتر ہونے کی وجہ سے معمولی بارش بھی عوام کیلئے مشکلوں کا باعث بن رہی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے عہدیدار اس خصوص میں توجہ دیتے ہوئے اقدامات کرنے کی صورت میں عوام کو راحت پہنچایاجاسکتا ہے۔ اس موقع پر صدر ضلع اقلیتی ڈپارٹمنٹ کانگریس سمیر احمد، انڈین یونین مسلم لیگ کے اسٹیٹ سکریٹری ایم اے غنی ، مجاہد علی ببوکے علاوہ دیگر موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT