Wednesday , June 28 2017
Home / شہر کی خبریں / نظام رباط میں عازمین حج کے قیام کے لیے 13 مئی کو قرعہ اندازی

نظام رباط میں عازمین حج کے قیام کے لیے 13 مئی کو قرعہ اندازی

چومحلہ پیالیس خلوت میں انعقاد ، عزیزیہ زمرہ کے 1283 خوش نصیبوں کا انتخاب عمل میں آئے گا
حیدرآباد ۔ 9۔ مئی (سیاست نیوز) حج 2017 ء میں عزیزیہ زمرہ کے عازمین کو نظام رباط میں قیام کی سہولت فراہم کرنے کیلئے قرعہ اندازی 13 مئی کو چومحلہ پیالس خلوت میں ہوگی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے حج کمیٹی اور نظام ٹرسٹ کے ذمہ داروں کو طلب کرتے ہوئے تنازعہ کی یکسوئی کردی اور 13 مئی کو قرعہ اندازی سے اتفاق کیا گیا۔ تلنگانہ ، مہاراشٹرا اور کرناٹک کے 42 اضلاع کے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کی قرعہ اندازی کی جائے گی اور 1283 خوش نصیبوں کا انتخاب عمل میں آئے گا جو رباط میں قیام کر پائیں گے جس سے انہیں تقریباً 47,000 روپئے کی بچت ہوگی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے قرعہ اندازی کے سلسلہ میں تعطل کو ختم کرنے کیلئے آج نظام ٹرسٹ کے ذمہ داروں کو طلب کیا تھا۔ نواب خیرالدین علی خاں ، ابو الفیض خاں اور فیض بن جنگ کے علاوہ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اجلاس میں شریک رہے۔ ٹرسٹ کے ذمہ داروں کا اصرار تھا کہ قرعہ اندازی کے بعد منتخب عازمین کو نظام ٹرسٹ کی جانب سے جاری کردہ پرمٹ لیٹرس حوالے کئے جائیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں ناظر رباط سے بات چیت کرنے اور مسئلہ کی یکسوئی کا تیقن دیا۔ 10 فیصد نشستیں رائل فیملی کو الاٹ کی جائیں گی اور تین خادمین حجاج کیلئے بھی نشستیں محفوظ رہیں گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نظام ٹرسٹ کے پرمٹ لیٹرس قرعہ اندازی میں منتخب عازمین کو جاری کئے جائیں گے۔ اگر کوئی عازم رباط میں قیام میں دلچسپی نہ رکھتا ہو تو ایسی نشستوں پر ویٹنگ لسٹ کے ذریعہ انتخاب کیا جائے گا ۔ نظام ٹرسٹ کے حکام نے ویٹنگ لسٹ کے علاوہ کسی اور عازم کو پرمٹ لیٹر نہ دینے سے اتفاق کرلیا ہے۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف 11 مئی کو حیدرآباد پہنچ رہے ہیں اور وہ قرعہ اندازی میں شریک رہیں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی بٹن دباکر قرعہ اندازی کا آغاز کریں گے۔ جاریہ سال ناظر رباط میں 1283 عازمین کیلئے تصریح حاصل کی ہے۔ بکوتما علاقہ میں تین عمارتیں حاصل کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال 678 عازمین کو رباط میں قیام کی سہولت فراہم کی گئی تھی ۔ ناظر رباط میں جاریہ سال عازمین کو دو وقت کا کھانا فراہم کرنے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ تلنگانہ کے 31 اضلاع میں عزیزیہ زمرہ کے عازمین کی جملہ تعداد 2596 ہے جبکہ کرناٹک کے 4 اضلاع سے 572 اور مہاراشٹرا کے 8 اضلاع سے 2083 عازمین نے عزیزیہ زمرہ کے تحت درخواستیں داخل کی ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر 5251 کور نمبرس کی قرعہ اندازی کرتے ہوئے خوش نصیبوں کا انتخاب کیا جائے گا ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تین خادم الحجاج کو رباط میں قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی نے 13 مئی کو قرعہ اندازی کیلئے سافٹ ویر فراہم کرنے سے اتفاق کرلیا ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT