Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / نظام رباط میں عازمین کے قیام کیلئے 10 مئی کو قرعہ اندازی متوقع

نظام رباط میں عازمین کے قیام کیلئے 10 مئی کو قرعہ اندازی متوقع

نظام اسٹیٹ کے 43 اضلاع کے خوش نصیبوں کو سہولت فراہم کرنے کی تیاری مکمل
حیدرآباد ۔ 25۔ اپریل (سیاست نیوز)  نظام اسٹیٹ سے تعلق رکھنے والے 43 اضلاع کے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کی قرعہ اندازی کے ذریعہ نظام رباط میں قیام کے خوش نصیب عازمین حج کا انتخاب کیا جائے گا۔ مکہ مکرمہ میں ناظر رباط حسین محمد الشریف نے تین عمارتیں حاصل کرتے ہوئے حج 2017 ء کے 1284 عازمین حج کو قیام کی سہولت فراہم کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ توقع ہے کہ 10 مئی کو حیدرآباد میں رباط کے خوش نصیب عازمین کے انتخاب کیلئے قرعہ اندازی ہوگی۔ ناظر رباط مئی کے دوسرے ہفتہ میں حیدرآباد کے دورہ پر آرہے ہیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے 10 مئی کو قرعہ اندازی کی امکانی تاریخ کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے علاوہ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے سابق ریاست حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے اضلاع کے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کی تفصیلات حاصل کرلی گئی ہے ۔ قرعہ اندازی میں تلنگانہ کے 31 ، مہاراشٹرا کے 8 اور کرناٹک کے 4 اضلاع کے عازمین کو شامل کیا جائے گا ۔ عزیزیہ زمرہ کے تحت تلنگانہ میں عازمین کی تعداد 2596 ہے جبکہ مہاراشٹرا کے 8 اضلاع میں 2083 عازمین نے عزیزیہ زمرہ کے تحت درخواستیں داخل کی ہیں۔ کرناٹک کے 4 اضلاع سے 572 درخواستیں عزیزیہ زمرہ میں داخل کی گئیں۔ ان تمام کے کور نمبرس کو یکجا کرتے ہوئے سنٹرل حج کمیٹی کے تعاون سے آن لائین قرعہ اندازی کی جائے گی ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے قرعہ اندازی کیلئے سافٹ ویر فراہم کرنے کی خواہش کی گئی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تین ریاستوں کے 5251 عزیزیہ زمرہ کے عازمین میں سے 1284 کا انتخاب کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ناظر رباط نے بکوتما علاقہ میں تین عمارتیں حاصل کرلی ہیں۔ گزشتہ سال دو عمارتوں میں 598 عازمین حج کو قیام کی سہولت فراہم کی گئی تھی جبکہ اس مرتبہ تعداد کو دوگنا کردیا گیا ہے ۔ مکہ مکرمہ کی نظام رباط میں حقیقی گنجائش 264 عازمین کی ہے ۔ تاہم ناظر رباط نے قدیم عمارت کے باعث نئی عمارتیں حاصل کرتے ہوئے عازمین حج کو قیام کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ رباط میں قیام کی صورت میں فی عازم تقریباً 58 ہزار روپئے کی بچت ہوتی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ قرعہ اندازی کے سلسلہ میں نظام ٹرسٹ کے عہدیداروں سے بات چیت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی خصوصی دلچسپی سے جاریہ سال رباط میں قیام کرنے والے عازمین کی تعداد میں اضافہ کیا گیا۔ ناظر رباط نے گزشتہ سال عازمین کو تین وقت کا کھانا مفت فراہم کیا تھا لیکن اس مرتبہ انہوں نے ایک وقت کا کھانا مفت فراہم کرنے کا پیشکش کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ کم سے کم دو وقت مفت کھانا سربراہ کیا جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ ناظر رباط حسین شریف نے عمارتوں کی تصریح جدہ میں قونصل جنرل انڈیا کے دفتر میں داخل کردی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ حج انتظامات گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی بہتر سے بہتر رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ معلم کی جانب سے منیٰ عرفات اور مزدلفہ میں عازمین حج کو کھانا فراہم کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT