Friday , July 28 2017
Home / شہر کی خبریں / نظام رباط میں 105 نشستوں پر ویٹنگ لسٹ سے انتخاب

نظام رباط میں 105 نشستوں پر ویٹنگ لسٹ سے انتخاب

منتخب عازمین حج کو 20 جولائی کے بعد پرمٹ لیٹرس کی اجرائی : پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد۔10 جولائی (سیاست نیوز) مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی نظام رباط میں قیام کے لیے 105 نشستوں پر ویٹنگ لسٹ سے انتخاب کیا جائے گا۔ حیدرآبادی رباط میں حج 2017 کے لیے 1286 عازمین حج کے قیام کی گنجائش فراہم کی جارہی ہے۔ منشائے وقف کے مطابق 10 فیصد نشستیں نظام کے خاندان کے لیے الاٹ کی گئیں۔ 10 فیصد کے مطابق 128 نشستیں اوقاف کمیٹی ایچ ای ایچ دی نظام کو حوالے کی گئیں۔ اوقاف کمیٹی نے فریضہ حج کی ادائیگی کے خواہشمند نظام خاندان کے ارکان سے درخواستیں طلب کیں۔ ان کی جانچ کے بعد صرف 23 نشستیں پر ہوسکیں جبکہ 105 نشستیں باقی رہ گئیں۔ اوقاف کمیٹی نے اس سلسلہ میں اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور سے ربط قائم کرتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ 105 نشستیں واپس کی جارہی ہیں جن پر حج کمیٹی ویٹنگ لسٹ کے مطابق عازمین کو الاٹ کرسکتی ہے۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف اور سنٹرل حج کمیٹی سے مشاورت کے بعد تلنگانہ حج کمیٹی ویٹنگ لسٹ کے عازمین کو یہ نشستیں الاٹ کردے گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 1286 نشستوں میں نظام خاندان کو 10 فیصد نشستیں الاٹ کرنے کے علاوہ محرم زمرے کے تحت 10 اور خادم الحجاج کے لیے 3 نشستیں محفوظ کی گئی تھیں۔ باقی تمام نشستوں کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین حج کا انتخاب عمل میں آیا تھا۔ حج کمیٹی نے 300 عازمین پر مشتمل ویٹنگ لسٹ بھی قرعہ اندازی کے ذریعہ تیار کی ہے اور باقی بچنے والی 105 نشستیں ویٹنگ لسٹ کے حساب سے بہت جلد الاٹ کردی جائیں گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ الاٹ کردہ کور نمبرس کی فہرست جلد ہی جاری کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ رباط میں قیام کے لیے منتخب عازمین حج کو 20 جولائی کے بعد پرمٹ لیٹرس جاری کئے جائیں گے۔ مکہ مکرمہ میں تین عمارتیں حاصل کی گئی ہیں جن میں سابق ریاست حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے گرین زمرے کے عازمین حج کو قیام کی سہولت حاصل رہے گی۔ تلنگانہ، کرناٹک اور مہاراشٹرا کے سابق ریاست حیدرآباد کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے گرین زمرے کے عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آچکا ہے۔ اسی دوران پروفیسر ایس اے شکور نے کور نمبر 6000 اور اس کے بعد کے نمبرس کے عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ 11 جولائی بروز منگل 11 تا 3 بجے دن حج ہائوز نامپلی میں ٹیکہ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حج پروازوں کا 13 اگست سے آغاز ہوگا اور 22 اگست کو آخری پرواز ہوگی۔ 10 دن میں جملہ 14 پروازیں سعودی ایرلائنس کی رہیں گی۔

TOPPOPULARRECENT