Thursday , August 24 2017
Home / Top Stories / نظام کالج گراونڈ پر 26 جون کو چیف منسٹر کے سی آر کی دعوت افطار

نظام کالج گراونڈ پر 26 جون کو چیف منسٹر کے سی آر کی دعوت افطار

انتظامات کو قطعیت ، ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کا دورہ ، انتظامات کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جون (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج نظام کالج گراؤنڈ پہنچ کر 26 جون کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دعوت افطار کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اس جائزہ اجلاس میں تمام انتظامات کو قطعیت دی گئی۔ چیف منسٹر کی دعوت افطار میں 6000 افراد کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ اہم شخصیتوں کیلئے خصوصی انکلوژر تیار کئے جائیں گے جس میں دیگر افراد کا داخلہ ممنوع رہے گا۔ وی وی آئی پی سیکشن میں 250 اور وی آئی پی سیکشن میں 550 شخصیتوں کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں جبکہ بی زمرہ کے تحت 1500 اور جنرل زمرہ میں 3000 افراد کا انتظام رہے گا۔ داخلہ دعوت نامہ کے ذریعہ رہے گا اور ہر زمرہ کے لئے باب الداخلہ مختلف رہے گا اور پارکنگ کے انتظامات بھی کالج کے باہر کئے جارہے ہیں ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے بتایا کہ چیف منسٹر نے گزشتہ سال سے بہتر انتظامات کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گنگا جمنی تہذیب کے فروغ کیلئے تمام مذاہب کے تہواروں کو سرکاری طور پر منارہی ہے۔ گزشتہ سال رمضان المبارک کے موقع پر خصوصی پیکیج کا اعلان کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر روزہ داروں کی خدمت کو باعث ثواب تصور کرتے ہیں اور اسی جذبہ کے تحت ہر سال بہتر انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 100 اور اضلاع میں 95 مساجد میں چیف منسٹر کی افطار کے دن دعوت افطار کا اہتمام کیا جائے گا اور ہر مسجد میں ایک ہزار افراد کے طعام کا انتظام رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نظام کالج گراؤنڈ پر یتیم خانہ کاچی گوڑہ کے بچوں میں چیف منسٹر کپڑے تقسیم کریں گے ۔ ان بچوں کیلئے افطار اور طعام کا انتخاب نظام کالج گراؤنڈ پر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ایک لاکھ غریب خاندانوں میں کپڑے تقسیم کئے جارہے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت گنگا جمنی تہذیب کو فروغ دے رہی ہے۔ ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خاں نے شہر اور اضلاع میں دعوت افطار طعام اور کپڑوں کی تقسیم کے انتظامات کی تفصیلات بیان کی ۔ اس موقع پر سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل ، سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور، کمشنر اطلاعات نوین متل ، ڈپٹی کمشنر پولیس کملا سین ریڈی کے علاوہ آر اینڈ بی، پولیس ، جی ایچ ایم سی ، فائر سرویسز ، برقی ، آبرسانی اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT