Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / نعیم اور ساتھیوں کے خلاف 5 اضلاع میں 30 مقدمات درج

نعیم اور ساتھیوں کے خلاف 5 اضلاع میں 30 مقدمات درج

گینگسٹر کی بیوی ، بہن پولیس تحویل میں ،ڈرائیور گرفتار ، ایس آئی ٹی کی کارروائی
حیدرآباد۔ 18 اگست (سیاست نیوز) گینگسٹر بھونگیر نعیم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف پولیس کی کارروائی میں شدت پیدا کرتے ہوئے 5 اضلاع میں جملہ 30 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ نعیم کی غیرقانونی سرگرمیوں کی تحقیقات کیلئے تشکیل دی گئی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم نے آج گینگسٹر کے ڈرائیور و قریبی ساتھی فیاض عرف امیر کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے دیسی ساختہ طفنچہ اور کارتوس برآمد کرتے ہوئے اس کے خلاف مجرمانہ سازش اور دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیا۔ 18 اگست کو شاد نگر ٹاؤن میں انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والے گینگسٹر بھونگیر نعیم کی غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی جارہی ہے جس کے تحت ایس آئی ٹی نے کروڑہا روپئے مالیتی اراضی دستاویزات، اسلحہ و گولہ بارود، کئی کیلو طلائی زیورات اور دھماکو اشیاء بھی برآمد کرلئے ہیں۔ انکاؤنٹر کے بعد تلنگانہ پولیس نے نعیم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف ضلع نلگنڈہ میں 14، ضلع محبوب نگر میں 4 ، سائبرآباد ایسٹ اور ویسٹ میں 7 ، کریم نگر میں 4 اور ضلع نظام آباد میں ایک جملہ 30 مقدمات درج کئے ہیں۔ ایس آئی ٹی نے بھونگیر نعیم کی بہن سلیمہ بی اور اس کی بیوی ساجدہ شاہین کو پولیس تحویل میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کردیا۔ تحقیقاتی ایجنسی نے نعیم کے بینک پاس بکس کی ضبطی کے پیش نظر مختلف بینکوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے نعیم کے بینک کھاتوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ایس آئی ٹی سربراہ مسٹر وائی ناگی ریڈی نے بتایا کہ عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنے کیلئے تلنگانہ پولیس کی جانب سے خوفناک گینگسٹر نعیم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے اور اس کے مجرمانہ نیٹ ورک کو توڑنے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ انہوں نے عوام سے پھر ایک مرتبہ اپیل کی ہے کہ وہ گینگسٹر کے مظالم سے متعلق تفصیلات کو بلاخوف خصوصی کنٹرول روم یا اپنے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں درج کرائیں۔

TOPPOPULARRECENT