Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / نعیم نے مجھے بھی جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی

نعیم نے مجھے بھی جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی

حکمران جماعت کے کئی قائدین کے گینگسٹر سے تعلقات : راجگوپال ریڈی
حیدرآباد۔/16اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے نعیم کی ڈائری میں 99فیصد حکمران جماعت ٹی آر ایس کے قائدین ہونے، ضلع نلگنڈہ کے ایک وزیر سے نعیم کے تعلقات ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ نعیم کی جانب سے انہیں جان سے ماردینے کی دھمکی وصول ہونے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔ عادل آباد میں کانگریس کے جلسہ عام سے خطاب کرتے کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے کہا کہ انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والے گینگسٹر نعیم نے انہیں جان سے ماردینے کی دھمکی دینے کا سنسنی خیز انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نعیم سے جن قائدین کے تعلقات تھے ان میں 99 فیصد قائدین کا ٹی آر ایس سے تعلق ہے۔ وہ جب مقامی اداروں سے منتخب ہونے والے ایم ایل سی انتخابات میں مقابلہ کررہے تھے تب نعیم گینگسٹر کے افراد نے انہیں ٹیلی فون کرتے ہوئے انتخابی میدان سے دستبردار ہوجانے پر زور دیا تھا اور دستبردار نہ ہونے کی صورت میں جان سے ماردینے کی دھمکی دی تھی۔ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے کہا کہ نعیم انکاؤنٹر واقعہ کی تحقیقات کرنے والی ایس آئی ٹی پر انہیں بھروسہ نہیں ہے۔ انہوں نے اس واقعہ کی سی بی آئی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے نعیم کی ڈائری کو برسر عام لاتے ہوئے گذشتہ 10سال سے مجرمانہ سرگرمیوں میں اس کا ساتھ دینے والوں کے ناموں کا سرکاری طور پر اعلان کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل نے مزید کہا کہ ضلع نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے ایک وزیر کے نعیم سے تعلقات ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ نعیم کے ساتھ ملکر وزیر نے کروڑہا روپئے کمائے ہیں۔ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے نعیم سے ان کے تعلقات ہونے اور تجارتی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کردیا۔ سی بی آئی تحقیقات سے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجانے کا انہوں نے ادعا کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT