Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / نعیم کے رشتہ داروں اور حامیوں کے مکانات پر دھاوے

نعیم کے رشتہ داروں اور حامیوں کے مکانات پر دھاوے

بیوی ،بہن و دیگر گرفتار ، کنٹرول روم کا قیام ، عوام سے معلومات فراہم کرنے کی اپیل
حیدرآباد ۔ /11 اگست (سیاست نیوز) گینگسٹر نعیم الدین عرف بھونگیر نعیم کی انکاؤنٹر میں ہلاکت کے بعد اس کی غیرقانونی سرگرمیوں کیلئے تشکیل دی گئی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم نے تحقیقات میں شدت پیدا کرتے ہوئے کئی مقامات پر دھاوے کئے ۔ مہلوک کی بیوی ، بہن ، دیگر رشتہ دار اور قریبی حامیوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ایس آئی ٹی کی کارروائی  کے دوران 9 کم عمر بچوں کو پائے جانے پر پولیس نے انہیں ریسکیو ہوم منتقل کردیا ۔ گینگسٹر کی غیرقانونی سرگرمیوں سے متعلق عوام کی جانب سے  تفصیلات حاصل کرنے کی غرض سے ایس آئی ٹی نے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا ہے ۔ ایس آئی ٹی سربراہ مسٹر وائی ناگی ریڈی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گینگسٹر سے متعلق کسی بھی قسم کی اہم اطلاعات کنٹرول روم جس کا نمبر 9440627218 ہے پر فراہم کریں یا پھر قریبی پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوکر پولیس کو اس سلسلے میں آگاہ کریں ۔ قبل ازیں ایس آئی ٹی عہدیداروں نے نعیم کے خفیہ ٹھکانوں پر دھاوے کرتے ہوئے گینگسٹر کی بہن سلیمہ بیگم ، بیوی حسینہ بیگم ، قریبی رشتہ دار محمد عبدالمتین اور کلیمہ ماہین کو شاد نگر ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں درج کردہ مجرمانہ سازش ، انڈین آرمس ایکٹ اور ایکسپوزیو سبسٹینسیس (دھماکو اشیاء)   کے ایک مقدمہ میں گرفتار کرلیا ۔ ایس آئی ٹی نے ضلع نلگنڈہ میں گینگسٹر نعیم کے قریبی رشتہ داروں ، حامیوں اور دیگر افراد کے مکانات پر دھاوے کرتے ہوئے ہتھیار ، دستاویزات ، گاڑیاں اور دیگر اشیاء برآمد کرلی ۔ ایس آئی ٹی نے نعیم کی رشتہ کی بہن عصمت تجمل آراء کے مکان پر دھاوا کرکے دیسی ساختہ ریوالور ، اراضیات کے دستاویزات ، طلائی زیورات ، لیپ ٹاپ ، تلوار اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا ۔ اسی طرح ایس آئی ٹی نے بھونگیر کے منڈل پرجا پریشد اور نعیم ٹولی کے رکن  ٹی وینکٹیشم کے مکان پر دھاوا کرتے ہوئے طفنچہ ، اراضیات کے دستاویزات ، پٹہ پاس بک اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا ۔ بھونگیر ٹاؤن کے 27 وارڈ کے کونسلر اور گینگسٹر کے ٹولی کے رکن محمد ناصر کے مکان پر بھی دھاوا کرتے ہوئے دیسی ساختہ ریوالور نقد رقم وغیرہ برآمد کرلی گئی ۔ اسی طرح کوناپوری شنکر کے قبضے سے ایک ہینڈ گرینیڈ ، دیسی ساختہ ریوالور ، 5 لاکھ نقد رقم برآمد کرلیا گیا جبکہ ضلع نلگنڈہ کے روڈی شیٹر جی سینو عرف ٹماٹا سینو کے مکان پر بھی دھاوا کیا گیا ۔ ایس آئی ٹی کی جانب سے کی گئی کارروائی کے تحت پولیس نے روڈی شیٹر شیخ جہانگیر ، سید فرزانہ ، فرحانہ اور این سریدھر گوڑ کے مکان پر دھاوے کرتے ہوئے سینکڑوں دستاویزات ، ہتھیار ، دیگر اشیاء برآمد کیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT