Thursday , March 23 2017
Home / Top Stories / نفرت انگیز عزائم رکھنے والوں کیخلاف طاقتور دھاک وقت کا تقاضہ

نفرت انگیز عزائم رکھنے والوں کیخلاف طاقتور دھاک وقت کا تقاضہ

میکانیکی تربیتی ادارہ ہندوستانی فضائیہ کے ٹامبرم فوجی اڈہ میں ایوارڈس پیش کرنے کے بعد صدرجمہوریہ کا خطاب

چینائی 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے آج کہاکہ نفرت انگیز عزائم والوں کے خلاف جو ہندوستان کی ترقی اور صیانت کو مسلسل تغیر پذیر علاقائی جغرافی ۔ سیاسی صورتحال کے پیش نظر منفی اثرات مرتب ہونے کا خطرہ ہے۔ اُنھوں نے ایک ہیلی کاپٹر شعبہ کو اس کی شاندار کارکردگی پر اعزاز عطا کیا۔ اِس شعبہ نے دہشت گردوں کو گزشتہ سال کے پٹھان کوٹ ہندوستانی فضائیہ کے اسٹیشن پر دہشت گرد حملہ کے دوران ایک مخصوص علاقہ تک محدود کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ پرنب مکرجی نے کہاکہ ہندوستان ایک ذمہ دار اور اُبھرتی ہوئی طاقت ہے۔ کثیر قطبی، کثیر جہتی دنیا میں اِس کی اہمیت ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہمیشہ تغیر پذیر سماجی ۔ معاشی اور جغرافی ۔ سیاسی منظر نامہ میں جو ہمارے علاقہ کا ہے، نفرت انگیز عزائم والوں کے خلاف طاقتور دھاک ضروری ہے۔ یہی وقت کا تقاضہ ہے تاکہ ہمارے ملک کی ترقی، خوشحالی اور صیانت پر اثر مرتب نہ ہوپائے۔ اُنھوں نے کہاکہ معاندانہ افراد کے خلاف دھاک فراہم کرنے کے علاوہ داخلی اور خارجی دونوں محاذوں پر ان کے عزائم کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔

مسلح افواج آفات سماوی کے دوران شہریوں کو راحت رسانی میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہیں۔ اُتراکھنڈ میں سیلاب کے دوران ہندوستانی فضائیہ کی کارروائیاں وادیٔ کشمیر اور ٹاملناڈو میں آفات سماوی کے دوران اُن کی کارکردگی کا خصوصی تذکرہ ضروری ہے اور پورا ملک اُن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہمارے دلیر فضائی جنگجوؤں کے پختہ ارادوں اور مستحکم کارروائیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ افراد انتھک اور بے غرض کارروائیاں کرتے ہیں۔ پرنب مکرجی صدرجمہوریہ کے 125 ہیلی کاپٹرس اسکواڈرن اور کلرس کو اعزاز عطا کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ میکانیکی تربیتی ادارہ ٹامبرم فضائیہ کے فوجی اڈے پر یہ تقریب منعقد کی گئی تھی۔ یہ فوجی اڈہ چینائی کے قریب ہندوستانی فضائیہ کی قدیم ترین عمارت ہے۔ اسٹانڈرڈ اور کلرس کسی بھی شعبہ کو اس کی  نمایاں خدمات کے پیش نظر عطا کئے جاتے ہیں۔ یہ صدرجمہوریہ ہند کے ایوارڈس ہیں۔ 125 ہیلی کاپٹر اسکواڈرن (گلاڈیئٹرس) نومبر 1983 ء میں قائم کیا گیا تھا اور اُس نے اپنی کارروائی کی صلاحیت گزرتے ہوئے برسوں کے ساتھ ساتھ بڑھاتے ہوئے اپنی دلیری اور حملہ کرنے کی صلاحیتوں کی بناء پر ستائش حاصل کی ہے۔ جب بھی اِسے اندرون ملک یا بیرون ملک تعینات کیا گیا ، اِس نے دلیرانہ کارروائیاں انجام دیں۔ جب اِسے سیرالیومس میں اقوام متحدہ کے پرچم تلے تعینات کیا گیا تھا تو گلاڈیئٹرس 232 ہندوستانی فوجیوں کی رہائی کا کارنامہ انجام دیا تھا۔ جنوری 2016 ء میں اسکواڈرن نے دہشت گردوں کو ایک مخصوص علاقہ تک پٹھان کوٹ دہشت گرد حملہ کے دوران محدود کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں کمی ہوئی۔ صدرجمہوریہ ہند نے کہاکہ میکانیکی تربیتی ادارہ ہندوستانی فضائیہ کے ٹامبرم کا اڈہ قدیم ترین تکنیکی تربیتی ادارہ ہے جسے 1935 ء میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ ادارہ اپنا مقام تبدیل کرتا رہا۔ اِس کے علاوہ گزرتے ہوئے برسوں کے ساتھ ساتھ اس کے نصاب تعلیم میں بھی تبدیلی آئی، اِس کا نام تبدیل کرکے 1980 ء میں میکانیکی تربیتی ادارہ رکھا گیا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT