Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / نمائش میدان پر مچھلی میں دمہ کی دوا کی تقسیم جاری

نمائش میدان پر مچھلی میں دمہ کی دوا کی تقسیم جاری

حیدرآباد۔/8جون، ( سیاست نیوز) نمائش میدان حیدرآباد میں دمہ کے مرض کی دوا کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ہر سال مرگ کے موقع پر بتھنی برادران کی جانب سے دمہ کے مریضوں کیلئے مچھلی کی دوا تقسیم کی جاتی ہے جو کافی مشہور ہے تاہم جنا وگنانا ویدیکا اس کی سخت مخالفت کرتی ہے۔ گذشتہ روز سے نمائش میدان پر دوا کی تقسیم کا عمل جاری ہے جو 9جون کی صبح 8:30 بجے تک رہے گی۔ اس خصوص میں پولیس کی جانب سے سخت صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون مسٹر وی بی کملاسن ریڈی انتظامات کا راست جائزہ لے رہے ہیں۔ گذشتہ سال کی طرح اس مرتبہ بھی بیرونی ریاستوں کے عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور عوام کی سہولیات کے لئے ضلع انتظامیہ کے علاوہ رضاکار انہ طور پر کئی شہریوں نے کھانے کا انتظام کیا۔ پولیس نے قبل ازیں تلگو ریاستوں کی عوام سے درخواست کی تھی کہ وہ دوپہر کے بعد ہی نمائش میدان تشریف لائیں اور پولیس نے حفاظتی انتظامات اور بد نظمی کے واقعات کی روک تھام کیلئے نمائش میدان میں گاڑیوں کے داخلہ پر پابندی لگادی اور امکان ہے کہ کل تک اس علاقہ میں ٹریفک تحدیدات جاری رہیں گی۔ نمائش میدان میں مچھلی تقسیم کے 32مراکز قائم کئے گئے ہیں اس کے علاوہ ایمرجنسی خدمات، طبی عملہ و دیگر شعبے چوکس ہیں اور 1500 پولیس ملازمین مچھلی تقسیم کے انتظامات پر مامور ہیں۔واضح رہے کہ بیتھنی گوڑ فیملی کی جانب سے مچھلی میں دمہ کی دوا کھلائی جاتی ہے ۔ دیگر ریاستوں سے بھی عوام کی کثیر تعداد دوا کھانے کیلئے یہاں پہونچی ہے ۔ مہاتما گاندھی بس اسٹیشن ، جوبلی بس اسٹانڈ ، سکندرآباد ریلوے اسٹیشن اور کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن سے نمائش میدان تک خصوصی بسیں چلائی جارہی ہیں ۔ ایک دن میں ہی ہزاروں افراد کو دوا کھلائی گئی۔ /9 جون کو بھی دوا کھلانے کا کام جاری رہے گا ۔ حکومت نے ہجوم پر قابو پانے کیلئے موثر انتظامات کئے ہیں جو مریض دمہ کی دوا کھاتے ہیں ان کے لئے سخت پرہیز بھی بتایا جاتا ہے ۔ وہ آئندہ 45 دن تک پرہیز کرتے ہوئے اپنے دمہ کے مرض سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT