Tuesday , May 23 2017
Home / جرائم و حادثات / نمائش میدان کے روبرو 50 جھونپڑیاں جل کر خاکستر

نمائش میدان کے روبرو 50 جھونپڑیاں جل کر خاکستر

حیدرآباد۔/14اپریل، ( سیاست نیوز) گوشہ محل علاقہ میں آج پیش آئے ایک مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں 50 جھونپڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ یہ واقعہ نمائش میدان کے روبرو واقع بانس اور بمبو کے ذریعہ اشیاء تیار کرنے والوں کی جھونپڑیوں میں آج صبح پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بیگم بازار پولیس اسٹیشن سے وابستہ بلو کولٹ موبائیل پٹرولنگ پارٹی علاقہ میں گشت کررہی تھی کہ نمائش میدان اجنتہ گیٹ کے روبرو واقع جھونپڑیوں میں اچانک دھواں نکلتا ہوا دیکھ کر وہاں کے مقیم افراد کو آگاہ کیا۔ کچھ دیر میں آگ نے تقریباً 50 جھونپڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو وہاں سے محفوظ طریقہ سے باہر نکال لیا۔ شہر کے مختلف فائیر اسٹیشنوں سے وابستہ فائر انجنوں کو جائے حادثہ پر طلب کرلیا گیا اور تقریباً 4 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس عابڈز مسٹر جے راگھویندر ریڈی نے بتایا کہ انہیں شبہ ہے کہ شارٹ سرکٹ کے سبب یہ واقعہ پیش آیا ہے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ راحت کاری میں حصہ لینے والے محکمہ فائر کے عملے نے یہ بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں دھوپ کی شدت زیادہ ہے جس کے نتیجہ میں آگ جلدی لگنے کا اندیشہ رہتا ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ چھوٹے سے آگ لگنے کے واقعہ پر بروقت توجہ دیں۔ بیگم بازار پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT