Wednesday , September 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / نماز توجہ اور خشوع سے ادا کرنے کی تلقین

نماز توجہ اور خشوع سے ادا کرنے کی تلقین

مکتھل۔/8جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر مکتھل ٹاؤن میں نقشبندی سلسلہ کے ممتاز صاحب نسبت بزرگ اور معروف عالم دین مولانا مفتی شفیع الدین نقشبندی نے ایک عوامی اجتماع سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایمان کی حفاظت اور اس میں تازگی و حرارت پیدا کرنے کی فکر کرتے ہوئے زندگی میں ایمان کے تقاضہ پر عمل ہو تو یہ سہولت و بہ آسانی ایک مسلمان مشرکانہ عمل سے بچ سکتا ہے اور توحید وحدانیت پر قائم رہتے ہوئے زندگی میں عبدیت اور بندگی کے ساتھ اپنی مسلمانیت کا تحفظ کرسکتا ہے۔ مولانا مفتی شفیع الدین نقشبندی خلیفہ مجاز مولانا پیر ذوالفقار نقشبندی نے جمعیتہ الحفاظ مکتھل کے زیر اہتمام مسجد شریفہ میں منعقدہ ایک عظیم الشان جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے مسودہ مومنون، پارہ 18 کی ابتدائی آیات کی روشنی میں اپنے مدلل خطاب میں کہا کہ مادہ پرست طاقتوں اور مشرکانہ ماحول کو پروان چڑھانے والے اسلام دشمن عناصر کی جانب سے اسکولس اور تعلیمی اداروں میں سوریہ نمسکار وغیرہ کا آغاز دراصل ہماری نئی نسلوں اور ملت کے نونہالوں کے ذہنوں سے توحید اور ایک اللہ کی عبادت وحدانیت کے تصور کو ختم کرنا ہے مگر ہم ایمانیات کے تصور اور اس کے فہم کو ہماری نسلوں کے ذہنوں میں راسخ اور مضبوط کریں گے تو پھر ہماری اولاد اور نسل اس طرح کے گمراہ کن حالات سے نبرد آزما ہوسکتے ہیں۔ مولانا مفتی شفیع الدین ندوی نقشبندی نے کہا کہ نمازوں پر محنت اور توجہ اور پوری خشوع سے پڑھی جائے تو پوری زندگی سنجیدہ اور سلیقہ شعار بن جائے گی۔ مولانا نے کہا کہ نماز دراصل کردار، گفتار کی اصلاح کے ساتھ زندگی کو سدھارنے والی عبادت ہے لہذا اس پر محنت کی ضرورت ہے، قبل ازیں صدر جمعیتہ الحفاظ مکتھل مولانا حافظ اسحاق رشیدی نے مولانا کا خیرمقدم کرتے ہوئے جمعیتہ الحفاظ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی جبکہ مولانا عبدالقوی حسامی نے مولانا کا تعارف کروایا۔ اس موقع پر سرپرست جمعیتہ الحفاظ مولانا عبدالعلیم کوثر قاسمی اور مولانا غلام محمد رشیدی و دیگر موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT