Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / نندیال ضمنی انتخابات میں تلگودیشم کی کامیابی کیلئے سازش

نندیال ضمنی انتخابات میں تلگودیشم کی کامیابی کیلئے سازش

صدر وائی ایس آر کانگریس جگن موہن ریڈی کا چیف منسٹر چندرا بابو پر الزام
حیدرآباد ۔ /13 اگست (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی و صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے آج روڈ شو کے دوران ایکبار پھر سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر حلقہ اسمبلی نندیال میں کامیابی کے حصول کیلئے نت نئی سازشیں رچانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ گزشتہ انتخابات میں تلگودیشم پارٹی کی جانب سے عوام سے کئے ہوئے کئی وعدوں اور دیئے گئے تیقنات کو ہی پورا نہیں کیا گیا ۔ جس کی وجہ سے آج مسٹر چندرا بابو نائیڈو نہ صرف ریاست بھر میں بالخصوص حلقہ اسمبلی نندیال میں بھی عوامی اعتماد سے محروم ہوچکے ہیں اور کسی طرح بھی حلقہ اسمبلی نندیال سے کامیابی حاصل کرنے کیلئے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نئے نئے حربے استعمال کررہے ہیں اور ایک طرف رقومات تقسیم کرتے ہوئے دکھانے کیلئے فرضی ویڈیو کیسٹ تیار کئے جارہے ہیں تو دوسری طرف عہدیداروں کے ذریعہ انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرواکر نوٹسیں جاری کروارہے ہیں ۔ مسٹر جگن موہن ریڈی نے واضح طور پر کہا کہ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو خواہ کتنی ہی کوشش کرلیں وہ کسی صورت میں حلقہ نندیال کا ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل نہیں کرسکیں گے ۔ کیونکہ عوام وائی ایس آر کانگریس پارٹی امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کا تہیہ کرچکے ہیں ۔ لہذا کتنے ہی نئے نئے حربے استعمال کریں ان حربوں کا کوئی اثر عوام پر ہرگز مرتب نہیں ہوگا ۔ قائد اپوزیشن مسٹر جگن موہن ریڈی نے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر ریاست آندھراپردیش کی راجدھانی امراوتی کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں میں ملوث پائے جانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ راجدھانی کی تعمیر کے نام پر رقومات کا بیجا استعمال کیا گیا اور مصارف کا کوئی حساب کتاب ہی نہیں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے سی کنال میں کم از کم ایک فصل کیلئے بھی پانی فراہمی میں حکومت ناکام اور نااہل رہنے کو ثابت کیا ہے ۔ مسٹر جگن موہن ریڈی نے کہا کہ سال 2019 ء میں منعقد ہونے والے انتخابات وائی ایس آر کانگریس پارٹی کیلئے ’’کروکیشترا جنگ‘‘ کیلئے حلقہ اسمبلی نندیال کا ضمنی انتخاب پہلی سیڑھی ثابت ہوگا اور بہرصورت سال 2019 ء میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے بہرصورت برسراقتدار آئے گی ۔

TOPPOPULARRECENT