Thursday , August 24 2017
Home / پاکستان / نواز شریف طبی جانچ پڑتال کیلئے لندن روانہ

نواز شریف طبی جانچ پڑتال کیلئے لندن روانہ

اسلام آباد ۔ 12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف اور ان کے ارکان خاندان پناما دستاویزات کے افشاء کے بعد پوری دنیا میں میڈیا کی توجہ بنے ہوئے ہیں وہیں نواز شریف ان واقعات سے ذرہ برابر متاثر ہوئے بغیر کل معمول کی طبی جانچ پڑتال کیلئے لندن روانہ ہورہے ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم کے دفتر کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ موصوف معمول کے مطابق طبی جانچ پڑتال کروانے لندن روانہ ہورہے ہیں جبکہ اپنے پوتے پوتیوں کے ساتھ بھی وہ کچھ دن قیام کریں گے۔ عہدیدار نے مزید بتایا کہ ان کی صحت پر کسی بھی تشویش میں مبتلاء ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ نواز شریف اپنی طبی جانچ پڑتال بلاناغہ کرواتے ہیں اور اب کی بار اس کی مدت مقررہ مدت سے تجاوز کر گئی ہے لہٰذا ان کا لندن جانا ضروری ہے۔ دراصل نواز شریف اپنے سابقہ پروگرام کے تحت آج آرگنائزیشن آف اسلامک کانفرنس (OIC) میں شرکت کیلئے ترکی روانہ ہونے والے تھے۔ تاہم اب اس پروگرام میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے۔ اب وزیراعظم کی بجائے صدر پاکستان ممنون حسین ترکی میں منعقدہ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ مبصرین کا کہنا ہیکہ نواز شریف کے اس اچانک دورہ لندن پر اپوزیشن پارٹیاں واویلا مچا سکتی ہیں جو پہلے ہی نواز شریف کے دو فرزندان اور ایک بیٹی کے پناما دستاویزات کے مطابق بیرونی کمپنیوں میں حصص کے افشاء پر چراغ پا ہیں۔ حالانکہ نواز شریف اور ان کے ارکان خاندان نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور واضح کردیا ہے کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے تاہم اپوزیشن اس تمام معاملہ کی آزادانہ، منصفانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کررہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT