Monday , August 21 2017
Home / پاکستان / نواز شریف کے قافلے میں دراندازی کرنے والے کی رہائی

نواز شریف کے قافلے میں دراندازی کرنے والے کی رہائی

اسلام آباد۔ 3 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فضائیہ کے ایک سابق افسر جن کو وزیراعظم نواز شریف کے قافلے میں دراندازی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا تھا، تاہم ان سے پوچھ گچھ کے بعد ان کو رہا کردیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف، ان کی اہلیہ کلثوم اور دختر مریم کل مری نامی تفریح گاہ سے اسلام آباد واپس ہورہے تھے کہ اچانک ایک تیز رفتار کار انتہائی خطرناک طریقہ سے ان کی کار کے قریب آگئی۔ پولیس نے بتایا کہ وزیراعظم کی سکیورٹی کیلئے موجود افسران فوری حرکت میں آگئے اور انہوں نے کار کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جو پاکستانی فضائیہ کا ایک سابق عہدیدار تھا۔ دریں اثناء پولیس ترجمان محمد نعیم نے کہا کہ مذکورہ سابق آفیسر قصداً نواز شریف کی کار کے قریب پہنچا تھا، حالانکہ وہ ایک تنگ راستے سے گذر رہا تھا اور اسے کوئی مشکل درپیش نہیں تھی۔ مسٹر نعیم نے بتایا کہ مذکورہ ڈرائیور بھی اپنے ارکان خاندان کے ساتھ مری سے واپس ہورہا تھا۔ پوچھ گچھ کے بعد اسے چھوڑ دیا گیا تاہم اس کی شناخت کو مخفی رکھا گیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ نواز شریف اکثر و بیشتر اپنے ارکان خاندان کے ساتھ مری چلے جاتے ہیں جو ان کا پسندیدہ تفریحی مقام ہے۔ ان کے سفر کے دوران مری جانے والے راستے کو عوام کے لئے بند نہیں کیا جاتا۔ ممنوعہ تنظیم لشکر جھانگوی کے سربراہ ملک اسحق کے گزشتہ ہفتہ پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں ہلاکت کے بعد نواز شریف کی سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT