Saturday , June 24 2017
Home / شہر کی خبریں / نوجوانوں کو آن لائن انگریزی سکھانے محکمہ یوتھ سروسیس کا خصوصی پروگرام

نوجوانوں کو آن لائن انگریزی سکھانے محکمہ یوتھ سروسیس کا خصوصی پروگرام

مسابقتی امتحانات اور بیرون ملک ملازمتوں کے خواہاں طلبہ کے لیے سنہری موقع
استفادہ کرنے ڈائرکٹر یوتھ سروسیس محمد عبدالعظیم آئی اے ایس کی اپیل
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : زندگی کے مختلف شعبوں میں کامیابی کے لیے کئی ایک زبانوں بالخصوص انگریزی میں مہارت کلیدی اہمیت رکھتی ہے ۔ انگریزی جاننے والے طلباء وطالبات ملک و بیرون ملک کے باوقار تعلیمی اداروں میں جہاں بآسانی داخلے حاصل کرسکتے ہیں وہیں مشرق وسطیٰ اور مغربی ملکوں میں بہترین ملازمتیں بھی حاصل کرسکتے ہیں ۔ چنانچہ حیدرآباد کے نوجوانوں میں انگریزی مہارت پیدا کرنے کی خاطر ڈپارٹمنٹ آف یوتھ سروسیس نے انگریزی سکھانے کا ایک پائلٹ پراجکٹ شروع کیا ہے ۔ اس کورس کو متعارف کروانے میں کمشنر / ڈائرکٹر یوتھ سروسیس و منیجنگ ڈائرکٹر TSSTEP جناب محمد عبدالعظیم آئی اے ایس کا اہم کردار ہے ۔ یہ پروگرام تلنگانہ اسٹیٹ سوسائٹی فار ٹریننگ اینڈ ایمپلائمنٹ پروموشن (TSSTEP) کے تحت ضلع حیدرآباد میں شروع کیا گیا ۔ جس کے پہلے مرحلہ میں 200 نوجوانوں کا احاطہ کیا جارہا ہے ۔ اس پائلٹ پراجکٹ کے ایک حصہ کے طور پر آن لائن انگلش لرننگ کورس فار یوتھ SHIKHA کا رسمی طور پر 23 مارچ 2017 کو تین مختلف مقامات پر آغاز عمل میں آیا ۔ جس میں اندرا پریہ درشنی کالج نامپلی ، گورنمنٹ سٹی کالج نیا پل اور وویکانندا کالج ودیا نگر جیسے مراکز شامل ہیں ۔ جہاں ہر سیشن میں 30 تا 40 طلبہ کو انگریزی سکھائی جارہی ہے ۔ اس پروگرام میں خاص طور پر انگریزی بات چیت پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے تاکہ نوجوان لڑکے لڑکیوں کو مسابقتی امتحانات اور IELTS ، TOEFEL اور GRE جیسے اہم ٹسٹوں کے قابل بنایا جاسکے ۔ SHIKHA کو اس انداز میں ترتیب دیا گیا ہے کہ اس سے بیرونی ممالک کی یونیورسٹیز میں داخلے کے خواہاں طلبہ کو بھی کافی مدد ملے گی ۔ اس کے علاوہ انگریزی سیکھنے کا یہ پروگرام مشرق وسطیٰ ، ایشیا بحرالکاہل کے علاقہ اور امریکہ میں کام کرنے کے خواہاں امیدواروں کے لیے ممد و معاون ثابت ہوگا ۔ اس آن لائن پروگرام سے استفادہ کرنے کے خواہاں طلباء وطالبات کے لیے صرف ایک سیدھا سادھا لیب ٹیاپ ، ہیڈ فونس ، ای میل آئی ڈی اور انٹرنیٹ / وائی فائی کنکشن درکار ہے ۔ یہ پروگرام انٹرنیٹ کے ذریعہ ہر طالب علم کو بھیجا جائے گا ۔ انگریزی SHIKHA پروگرام 90 اسباق پر مشتمل ہے ۔ اور ہر سبق 40 منٹ کا ہے یہ اسباق طلبہ 90 یا اس سے زیادہ دنوں میں مکمل کرسکتے ہیں ۔ اسباق میں طلبہ کو انگریزی کی بنیاد ABCD سے آگے پڑھانے کا انتظام کیا گیا ہے ۔ الفاظ اور جملے بنانا سکھایا گیا ہے ۔ انگریزی زبان کے استعمال کے دوران ہونے والی غلطیوں سے واقف کروایا گیا ہے ۔ اسباق کے دوران طلبہ سوالات بھی کرسکتے ہیں لیکن انہیں سوالات تحریری شکل میں پیش کرنے ہوں گے ۔ اسباق کے ختم پر باقاعدگی سے ٹسٹس بھی لیے جائیں گے اور آخر میں فائنل امتحان ہوگا ۔ جناب محمد عبدالعظیم آئی اے ایس کے مطابق طلبہ کے سافٹ اسکیلس کو بھی اس پروگرام کے ذریعہ فروغ دیا جائے گا ۔ مزید تفصیلات کے لیے فون نمبر 040-27536125 اور موبائل نمبر 9701382136 پر یا پھر ای میل [email protected] پر ربط کیا جاسکتا ہے ۔۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT