Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے محکمہ پولیس کا جاب میلہ

نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے محکمہ پولیس کا جاب میلہ

آصف نگر ڈیویژن میں 13 ستمبر سے 3 روزہ پروگرام میں نوجوانوں کا انتخاب
حیدرآباد ۔ 12 ستمبر (سیاست نیوز) مہدی پٹنم، آصف نگر، ٹولی چوکی، مراد نگر، شیخ پیٹ و دیگر نئے شہر کے بیروزگار نوجوانوں کیلئے اچھی خبر سنائی دے رہی ہے۔ روزگار کی تلاش میں در در بھٹکنے اور ناامید ہوکر تھک جانے والے نوجوانوں کو اب اپنے ہی علاقہ میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جی ہاں! ملازمت اب آپ کے محلے میں آپ کی منتظر ہے۔ ذرا چوکس ہوجائیں اور تیار رہے چونکہ آصف نگر ڈیویژن پولیس نے بیروزگار نوجوانوں کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جی پولیس! پولیس روزگار فراہم کرنا چاہتی ہے۔ تعلیمی قابلیت ہنر ٹیکنیکل صلاحیت، تجربہ اور غیرتجربہ کار سبھی بیروزگاروں کیلئے ان جاب میلوں میں موقع فراہم کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس آصف نگر مسٹر محمد غوث محی الدین نے بتایا کہ آصف نگر ڈیویژن میں تین دن جاب میلہ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ 13 ستمبر کو ٹپہ چبوترہ پولیس اسٹیشن حدود کے تالہ گڈہ کبڈی اسٹیڈیم میں جاب میلہ کا انعقاد عمل میں آئے گا جبکہ 14 ستمبر کو آصف نگر حدود میں جی ایم فنکشن ہال اور 15 ستمبر کو کریسنٹ گارڈن فنکشن ہال سات گنبد گولکنڈہ پولیس حدود میں جاب میلہ منعقد ہوگا۔ اے سی پی آصف نگر غوث محی الدین نے بتایا کہ ان جاب میلہ میں بیروزگار نوجوانوں کی تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے ملازمت کا موقع حاصل ہوگا اور تعلیمی قابلیت کی کوئی قید نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بیروزگار نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ سرٹیفکیٹ اپنے ساتھ لائیں اور جاب میلہ میں اپنا رجسٹریشن بھی کروالیں۔ ان جاب میلوں میں ملٹی نیشنل کارپوریٹ دیگر بڑی کمپنیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کسی نوجوان کو ان جاب میلوں میں ملازمت کا موقع نہیں ملتا ہے تو وہ ناامید نہ ہوں چونکہ اگر بعد میں ان کی قابلیت کے لحاظ سے ان کمپنیوں کو ملازمت درکار ہوتی ہے وہ راست ان سے رابطہ قائم کریں گے چونکہ پولیس کی جانب سے اس طرح کے بہترین انتظامات کئے جائیں گے۔ اے سی پی آصف نگر نے نوجوانوں سے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے اس موقع سے استفادہ کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاب میلے ڈی سی پی ویسٹ زون کی قیادت میں منعقد کئے جارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT