Monday , August 21 2017
Home / اضلاع کی خبریں / نوجوانوں کو کم ازکم ایک بار خون کا عطیہ دینے کی خواہش

نوجوانوں کو کم ازکم ایک بار خون کا عطیہ دینے کی خواہش

بیدر میں منعقدہ عطیہ کیمپ سے سپرنٹنڈنٹ پولیس پرکاشنگھم کا خطاب
بیدر۔13ڈسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)’’میں تمام مسلمانوں کو عید میلادالنبیؐ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہناچاہوں گاکہ بھارت میں خون کاعطیہ ہی سب سے بہتر عطیہ ہے، ‘‘ یہ بات سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر پرکاشنگم نے کہی۔ وہ محمدعلیم الدین فاؤنڈیشن بیدر کی جانب سے منعقدہ ’’خون کاعطیہ کیمپ‘‘ کاافتتاح پودے کو پانی دے کر کرنے کے بعداردو ہال ، تعلیم صدیق شاہ بیدر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’میں سال میں ایک دفعہ اپنے خون کاعطیہ کیاکرتاہوں۔میں جب میسور میں تھا تب خون کاعطیہ کیا، اور جب بیلگام میں تھا تب بھی میں نے اپناخون عطیہ کیاتھا۔بیدر میں پہلی دفعہ خون عطیہ کروں گا۔ خون دینے سے متعلق نوجوانوں میں جو بھی غلط فہمی ہے اس کو دور ہوناچاہیے۔ میری نوجوانوں سے گذارش ہے کہ وہ ایک دفعہ خون کاعطیہ ضرور کریں ۔بھارت میں خون کاعطیہ ہی سب سے بہتر عطیہ ہے کیونکہ خون کو دوبارہ پیدا نہیں کیاجاسکتا، خون ہمیں جب بھی چاہیے وہ ہمیں انسان کے جسم ہی سے ملے گا۔ ‘‘انھوں نے اس کیمپ میں سب سے پہلے اپنے خون کاعطیہ دیا۔ 350ملی لیٹر خون موصوف کے جسم سے نکالاگیا۔ ایس پی کے خون عطیہ کرنے کامنظر نہایت ہی متاثر کن تھا۔ محکمہ پولیس کے علاوہ تمام حاضر نوجوان یہ منظر دیکھتے رہے اور ایس پی بیدرمسٹر پرکاشنگم کے اس عطیہ کو خوب خوب سراہا۔اس موقع پر ایک توصیفی سند انہیں بزرگ شاعر جناب محمدکمال الدین شمیم ؔ کے ہاتھوں دی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی جناب ڈاکٹر ایم اے جبار ڈی ایچ اوبیدر نے اپنے خطاب میں کہاکہ ایک انسان کو بچاکر ساری انسانیت کو بچانے کی تعلیم اسلام دیتاہے ۔ ان دنوں خواتین کی زچگیوں میں اموات کاسلسلہ کم اس لئے ہواہے کہ لوگ خون دینے کی طرف مائل ہورہے ہیں۔ مزید بیداری کی ضرورت ہے تاکہ حادثات کے موقع پر بھی لوگ فوری طورپر خون دے سکیں۔ انھوں نے مزید بتایاکہ اس طرح کے خون کے عطیہ کیمپ ہر دوماہ میں ایک دفعہ ہونے چاہئے۔ تب ہی ہم لوگوں کی زندگی کو بڑے پیمانے پر بچا سکتے ہیں۔ جناب محمدیوسف رحیم بیدری رکن کرناٹک اردو اکادمی نے مہمان اعزازی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محمدعلیم الدین فاؤنڈیشن نے خون کاعطیہ دینے کیلئے نوجوانوں میں بیداری پیدا کی ہے ۔اس لئے فاؤنڈیشن کی خدمات سراہنے کے لائق ہیں۔ سی ای او ضلع پنچایت بیدر ڈاکٹر سیلومنی آر نے اپنے مختصر خطاب میں کہاکہ خون دے کرہی انسانیت کی خدمت کی جاسکتی ہے، نوجوان اس طرف توجہ دیں۔ جناب محمداسدالدین مینجنگ ٹرسٹی محمدعلیم الدین فاؤنڈیشن بیدر نے نظامت کافریضہ انجام دیا۔ دیگر ٹرسٹیان میں محمدیونس صدیقی ، عبدالغنی ، محمد محسن شامل رہے ، جنہوں نے انتظامی امور کی دیکھ بھال کی ۔نوجوان مزاحیہ شاعر جناب حامد سلیم ، وسیم احمدخان ، بابا اور کونسلرمحمد ریاض الدین کے بشمول 100سے زائد نوجوانوں نے خون کاعطیہ دیا۔ جناب رحیم خان رکن اسمبلی،نبی قریشی کونسلر، جناب سید وحیدلکھن، نثار احمد پانی منتری وغیرہ نے کیمپ کا دورہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT