Thursday , May 25 2017
Home / شہر کی خبریں / نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ابھارنے حوصلہ افزائی اور مدد کی ضرورت

نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ابھارنے حوصلہ افزائی اور مدد کی ضرورت

سیاست کی اسٹارٹ اپ کی خبر کا اثر
نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ابھارنے حوصلہ افزائی اور مدد کی ضرورت
گھریلو صنعتوں پر عدم معلومات ، فنون لطیفہ سے مہارت بتانے سے قاصر ، نوجوانوں کو رہبری و رہنمائی سے استفادہ کا موقع
حیدرآباد۔4مئی(سیاست نیوز) مسلم نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن ان کی ان صلاحیتوں کو ابھارنے کیلئے انہیں حوصلہ اور مدد کی ضرورت ہے جو میسر نہ ہونے کے سبب وہ اپنی صلاحیت اور مہارت کے جوہر دکھانے سے قاصر رہتے ہیں۔ نوجوانوں اور گھریلو صنعتوں کے ذریعہ اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ذرائع معاش حاصل کرنے کی کوشش کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ناگزیر ہے کیونکہ عدم معلومات کے سبب گھریلو صنعتوں کو ترقی حاصل نہیں ہو رہی ہے اور باصلاحیت نوجوان اپنے ہنر و فکر کو دنیا کے سامنے پیش کرنے سے قاصر ہیں۔ روزنامہ سیاست میں اسٹارٹ اپ کے متعلق خبر کی اشاعت پر حاصل ہونے والا ردعمل انتہائی حوصلہ افزاء رہا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران مزید باصلاحیت نوجوان اور گھریلو صنعت چلانے والوں کے اندراجات موصول ہوں گے۔ ملک کے مختلف مقامات پر حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیمات سے استفادہ کرتے ہوئے ترقی کی منزلیں طئے کرنے لگے ہیں لیکن ان میں بڑی تعداد ان لوگوں کی ہے جو ان اسکیمات کے متعلق شعور رکھتے ہیں اس کے علاوہ انہیں کمیونٹی کی سطح پر زبردست حوصلہ افزائی کی جاتی ہے لیکن مسلم معاشرہ میں اکثر اس بات کی شکایت کی جاتی رہی ہے کہ مسلم نوجوانوں میں موجود صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع میسر نہیں آتا اسی مقصد کو پورا کرنے اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے کی جانے والی اس کوشش اور تیار کی جا رہی حکمت عملی کے ذریعہ نوجوانوں کو ملازمت پر انحصار کے بجائے ملازمتوں کی فراہمی کرنے والے بننے کا اہل بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ٹیکنالوجی کے شعبہ کے علاوہ جویلری ڈیزائننگ ‘ کافی شاپ‘ بوتیک‘ اشیائے خورد و نوش ہی نہیں بلکہ کئی ایسی اشیاء ہیں جن کی مختلف طریقہ سے کی جانے والی مارکٹنگ ان اشیاء کی طلب میں کافی اضافہ کردیتی ہیں۔ بنگلورو کی ’برہمن کافی شاپ‘ اسٹیشن پر قلی کا کام کرتے ہوئے ملک کے نامور تاجر بننے والے ایم جی متھو کے علاوہ ایسی کئی کامیاب کہانیاں ہیں جو نوجوان نسل کے مستقبل کو تابناک بنانے کے علاوہ انہیں بھی تاریخ رقم کرنے والی شخصیتوں میں شمار کرسکتا ہے ۔ عام طور پر نوجوان نسل میں رئیل اسٹیٹ کے ذریعہ آمدنی کے علاوہ محفوظ ملازمت کا جذبہ دیکھا جاتا ہے لیکن ان کے ذہن کے کسی کونے میں کوئی ایسا آئیڈیا ہوتا ہے جو ان کی زندگی میں ہی نہیں بلکہ دینا بھر میں ان کے لئے راہیں ہموار کرنے لگتا ہے لیکن اس کے لئے انہیں اپنی اس سونچ اور اس منصوبہ کو دماغ سے باہر نکالنا پڑ تا ہے اور جب تک ان کی اس سونچ پر غور کرتے ہوئے حکمت عملی تیار نہیں کی جاتی اس وقت تک اسے عملی جامہ نہیں پہنایا جاسکتا ۔ دنیا میں اب بھی کئی ایسے میدان ہیں جن میں ترقی کے کافی مواقع ہیں اور اگر نوجوان اپنے اندر موجود صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہیں تو ایسی صورت میں ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اس خصوص میں مزید تفصیلات اور معلومات کے لئے اپنے آئیڈیا ‘ نام اور مکمل تفصیلات برائے رابطہ ہم سے شئیر کریں تاکہ اس خصوص میں ہم آپ کی مدد کیلئے حکمت عملی تیار کرسکیں۔ جن نوجوانوں کے پاس مکمل منصوبہ بندی ہے اور جو اس بات کا بھی اندازہ کرسکتے ہیں کہ انہیں رکاوٹ کہاں درپیش ہوگی یا ہو رہی ہے تو وہ بھی مکمل تفصیلات [email protected] پر روانہ کریں تاکہ ان کا جائزہ لینے کے بعد منصوبہ بندی کے ذریعہ ضروری اقدامات کئے جا سکیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT