Tuesday , August 22 2017
Home / Top Stories / نوٹوں پر امتناع کا نتیجہ ’’قومی آفت‘‘: اے کے انٹونی

نوٹوں پر امتناع کا نتیجہ ’’قومی آفت‘‘: اے کے انٹونی

نوٹوں کی تنسیخ پر تقریر سے وزیراعظم کو بے نقاب ہونے کا خوف : راہول گاندھی
نئی دہلی۔ 14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیر دفاع اے کے انٹونی نے آج کہا کہ کرنسی نوٹوں پر امتناع عائد کرنے کے نتیجہ میں ملک پر قومی آفت نازل ہوجائے گی۔ وزیراعظم نریندر مودی معافی کے مستحق نہیں ہیں۔ وہ جنتر منتر پر پارٹی کارکنوں اور قائدین سے خطاب کررہے تھے جو بینکنگ شعبہ کے ساتھ اعلیٰ مالیتی کرنسی نوٹوں کی تنسیخ کے بعد تعصب برتنے کے خلاف احتجاج کرنے کے لئے جمع ہوئے تھے۔ انٹونی نے کہا کہ بحیثیت مجموعی ہندوستان قومی آفت کی سمت پیشرفت کررہا ہے، اس کی وجہ نریندر مودی کا فیصلہ ہے جنہوں نے کالا دھن رکھنے والوں کو اسے سفید بنانے کا موقع فراہم کیا ہے۔ اس کی وجہ سے کالا دھن کے ذخیرہ اندوزوں کو اسے سفید دھن میں تبدیل کرنے کا موقع مل گیا ہے۔ نریندر مودی معافی کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے مرکز پر الزام عائد کیا کہ وہ کوآپریٹیو اور زرعی شعبہ کا گلا گھونٹنے کی کوشش کررہا ہے۔ کل ہند کانگریس کے جنرل سیکریٹری مکل واسنک نے جو احتجاج کے مقام پر موجود تھے، کہا کہ عوام کو چاہئے کہ جمہوری انداز میں وزیراعظم کو سزا دیں۔ کیرالا اسمبلی میں اپوزیشن قائد رمیش چنی تھالا نے کہا کہ ریاست معاشی آفت کی سمت پیشرفت کررہی ہے، کیونکہ غیرمقیم کیرالا کے شہری محسوس کرتے ہیں کہ کوآپریٹیو بینکوں میں ان کی رقم محفوظ نہیں ہے۔ ریاست کے یو ڈی ایف قائدین بشمول این کے پریمل بنڈیرن، کے کنلی کُٹی اور دیگر ممتاز کانگریس قائدین نے بھی احتجاج میں شرکت کی۔ کانگریس کارکنوں سے جنتر منتر پر خطاب کرتے ہوئے نائب صدر راہول گاندھی نے کہا کہ اعلیٰ مالیتی کرنسی نوٹوں کی تنسیخ ایک تاریخی آفت ہے۔ اس سے ہندوستان کا ہر شخص ہندوستان کی ہر ریاست متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے جبکہ وزیراعظم نے ہندوستان کے عوام پر حملہ کیا ہے۔ یہ انتہائی بدبختانہ بات ہے کہ کاشت کار، مزدور خاص طور پر خواتین جو زندگی بھر کوشش کرکے رقم بچاتی ہیں، اسے کھو چکے ہیں اور اس کی وجہ اعلیٰ مالیتی کرنسی نوٹوں کی تنسیخ ہے۔ کانگریس قائد نے وزیراعظم پر الزام عائد کیا کہ وہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کو مخاطب کرنے کا موقع نہیں دے رہے ہیں۔ وہ خوف زدہ ہیں کہ اگر ہم نوٹوں کی تنسیخ کے بارے میں لوک سبھا میں اپنے خیالات ظاہر کریں تو وہ بے نقاب ہوجائیں گے۔

ٹاملناڈو میں بتدریج معمولات زندگی بحال
چینائی۔ 14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سمندری طوفان ’’وردھا‘‘ کے چینائی اور ٹاملناڈو کے دیگر اضلاع میں تباہی مچانے کے 2 دن بعد عوامی خدمات جزوی طور پر بحال کردی گئی ہیں ۔ کئی سرکاری محکمہ 24 گھنٹے کام کررہے ہیں تاکہ معمولات زندگی کو بحال کیا جاسکے۔ طیاروں کی پروازیں شروع ہوچکی ہیں ۔ بین ریاستی ٹرین خدمات بھی جزوی طور پر کل رات سے بحال ہوچکی ہیں۔ مقامی بسیں ، میٹرو ٹرین اور مقامی شمالی ہند جانے والی خدمات بحال کی جاچکی ہیں، لیکن ایم آر ٹی ایس ٹرین خدمت ہنوز دوبارہ شروع نہیں ہوئی ہیں۔ برقی سربراہی اور ترسیل کی لائنس جو ٹوٹ گئی تھیں، درست کردی گئی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT