Monday , September 25 2017
Home / ہندوستان / نوٹ بندی سے اخبارات کے اشتہارات میں کمی

نوٹ بندی سے اخبارات کے اشتہارات میں کمی

بنگلورو ۔ 15 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نوٹ بندی کے عمل نے اخبارات پر بھی اثر ڈالا ہے اور اشتہارات میں گراوٹ کے سبب ان کا مالی موقف ابتر ہوچلا ہے، انڈین نیوز پیپر سوسائٹی (آئی این ایس) نے آج اس بیان کے ساتھ حکومت سے اخباری صنعت کی مدد کرنے اور اسے مضبوطی عطا کرنے کی اپیل کی ہے۔ آئی این ایس نے میڈیا کے دفاتر اور جرنلسٹوں پر تشدد اور حملے کے واقعات کی مذمت بھی کرتے ہوئے انہیں آزادی صحافت کیلئے بلاشک و شبہ سنگین خطرات سے تعبیر کیا۔ سوسائٹی نے حکومت سے اپیل بھی کی کہ جرنلسٹوں اور نان جرنلسٹوں کیلئے مزید کوئی ویج بورڈ کی تشکیل سے گریز کیا جائے کیونکہ کوئی بھی دیگر انڈسٹری میں اس طرح کا طریقہ کار رائج نہیں ہے۔ آئی این ایس کے سبکدوش ہونے والے صدر سومیش شرما نے یہاں 78 ویں سالانہ عمومی اجلاس میں کہا کہ ہندوستانی اخبار کا بزنس اشتہار کی آمدنی پر بہت منحصر ہوتا ہے اور نوٹ بندی نے مشتہرین کے لگ بھگ تمام زمروں میں اشتہار پر خرچ کم ہوجانے سے مالی صورتحال بگاڑدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالعموم ذرائع ابلاغ اور بالخصوص اخبارات نازک دور سے گذر رہے ہیں۔ چنانچہ موزوں وقت ہیکہ حکومت نیوز پیپر انڈسٹری کو تقویت دے۔

TOPPOPULARRECENT