Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / نوٹ بندی سے حالات بدترین ، خانہ جنگی چھڑجانے کا خدشہ

نوٹ بندی سے حالات بدترین ، خانہ جنگی چھڑجانے کا خدشہ

بینکس اور اے ٹی ایم میں رقم کی عدم موجودگی ، پونم پربھاکر سابق ایم پی کانگریس کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 8 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نوٹ بندی کے ایک ماہ بعد بھی حالت نہ سدھرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خانہ جنگی چھڑ جانے کے خدشات کا اظہارکیا ۔ وزیر اعظم کی جانب سے عوام کو فقیر بتاتے ہوئے چور کی نظر سے دیکھنے کا الزام عائد کیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ 500 اور 1000 روپئے کی نوٹ منسوخ کر کے ایک ماہ بھی مکمل ہوگیا ہے ۔ نقد رقم کے لیے پہلے دن عوام کی جو دوڑ دھوپ تھی 30 دن مکمل ہونے کے بعد بھی وہی حالت ہے ۔ بینکوں اور اے ٹی ایم میں رقم نہیں ہے ۔ وزیراعظم نے حکومت کی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے بڑی نوٹوں کو منسوخ کرتے ہوئے ملک میں غیر معلنہ معاشی ایمرجنسی قائم کردیا ہے ۔ تلنگانہ کے علاوہ ملک بھر میں کرنسی بحران سے 90 افراد فوت ہوئے ہیں ۔ اس کے ذمہ دار وزیراعظم نریندر مودی اور این ڈی اے حکومت ہے ۔ اپنی محنت کی کمائی کو عوام بینکوں میں ڈپازٹ کررہے ہیں ۔ اس کو کالا دھن قرار دیتے ہوئے وزیراعظم ملک کے عوام کی توہین کررہے ہیں ۔ سرکاری و خانگی ملازمین رخصت لگاتے ہوئے رقم نکالنے کے لیے بینکوں کی قطاروں میں کھڑے ہیں ۔ باوجود انہیں رقم نہیں مل رہی ہے ۔ بینکوں میں نو کیاش کے بورڈس تکلیف دہ ثابت ہورہے ہیں ۔ عوام دن میں بینکوں کی اور راتوں میں اے ٹی ایم کی قطاروں میں کھڑے ہیں ۔ نوٹ بندی کے بعد بی جے پی قائدین کے بچوں کی شادیوں میں کروڑہا روپئے خرچ کردئیے گئے مگر رقم نہ ملنے کی وجہ سے کئی غریب گھرانوں کی شادیاں ملتوی ہوچکے ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی کالے دھن کی بات کررہے ہیں جب کہ مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو اس مسئلہ پر لب کشائی سے گریز کررہے ہیں ۔ پونم پربھاکر نے سورنا بھارت ٹرسٹ میں سینکڑوں کروڑہا روپئے کہاں سے آئے اس کی وضاحت کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کئی مرکزی وزراء پر کالا دھن رکھنے کا الزام عائد کیا ۔ انفراسٹرکچر سے محروم ہندوستان میں کیاش لیس منی ممکن ہے کیا ؟ استفسار کیا ۔ مرکزی و ریاستی وزراء کیا کبھی فون کو ماضی میں ویالٹ کی طرح استعمال کرچکے ہیں ۔ کم از کم ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر ٹیلی فون کے ذریعہ رقمی لین دین کرچکے ہیں ۔ کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ نے ایک ماہ گذر جانے کے باوجود وزیراعظم کی جانب سے بیان نہ دینے پر حیرت کا اظہار کیا ۔ نوٹ بندی پر چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر پر غلاموں کی طرح مظاہرہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT