Saturday , May 27 2017
Home / Top Stories / نوٹ بندی کے بعد کشمیر میں سنگباری کا سلسلہ منقطع

نوٹ بندی کے بعد کشمیر میں سنگباری کا سلسلہ منقطع

حکومت کے اقدام کی غیر متوقع کامیابی۔ مملکتی وزیر داخلہ کرن رجیجو کا دعویٰ

نئی دہلی۔/22نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج یہ دعویٰ کیا ہے کہ 500 اور 1000 روپئے کی نوٹوں کی تنسیخ کے بعد جموں و کشمیر میں دہشت گردی کی فنڈنگ اور سنگباری کے واقعات کے علاوہ ملک میں جعلی کرنسی کی اسمگلنگ میں نمایاں کمی واقع آئی ہے۔ مملکتی وزیر داخلہ کرن رجیجو نے آج لوک سبھا میں بتایا کہ اعلیٰ قدر کی نوٹوں کی منسوخی سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کے اعلان کے بعد سے ملک میں جعلی کرنسی نوٹ درآمد ( اسمگلنگ ) کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی جو کہ اس اقدام کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نوٹوں کی منسوخی کا سب سے بڑا اثر جعلی کرنسی اور دہشت گردوں کو فنڈس کی فراہمی پر مرتب ہوا ہے جبکہ کشمیر میں سنگباری کرنے والوں کی ادائیگیاں مکمل طور پر روک دی گئی ہیں ۔ انہوں نے وقفہ صفر کے دوران یہ بیان دیا اور یہ الزام عائد کیا کہ جموں و کشمیر میں علحدگی پسندوں کے تعلقات ملک کے دیگر شورش پسندوں کے ساتھ پائے جاتے ہیں اور بعض عناصر کے پاکستان میں عسکریت پسند لیڈروں کے ساتھ رابطے ہیں ۔

مسٹر کرن رجیجو نے کہا کہ دستیاب ثبوتوں سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ ہمارا پڑوسی نہ صرف کشمیری علحدگی پسندوں بلکہ ملک میں شورش پسند عناصر کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض علحدگی پسند لیڈروں کے پاکستان بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں عسکریت پسندوں کے رابطے ہیں اور ملک میں تخریبی سرگرمیاں انجام دینے کیلئے پاکستانی اداروں کی جانب سے انہیں ہدایات اور مالیاتی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ اس طرح کے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ سیکوریٹی ریویو کوآرڈینیشن کمیٹی کی سفارش پر جموں و کشمیر میں سیکوریٹی انتظامات کئے جارہے ہیں اور ضرورت کے مطابق پولیس اسپیشل آفیسرس، گارڈس اور وھیکلس میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ حکومت کو یہ اطلاع ہیں کہ بعض علحدگی پسند قائدین بیرونی ملک کا دورہ کرتے ہوئے ہند دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں جموں و کشمیر کی صورتحال بہتر بنانے کی کوشش میں مصروف ہے اور حالیہ دنوں میں سنگباری کے واقعات میں قابل لحاظ حد تک کمی آگئی ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT