Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / نوٹ بندی کے خلاف ملک گیر احتجاج کو عاپ کی تائید ، عام شہری متاثر، ریاستی عاپ کنوینر کی پریس کانفرنس

نوٹ بندی کے خلاف ملک گیر احتجاج کو عاپ کی تائید ، عام شہری متاثر، ریاستی عاپ کنوینر کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔26 نومبر (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کے نوٹ بندی کے اعلان کے خلاف 28 نومبر کو ملک گیر احتجاج کی عام آدمی پارٹی نے تائید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں عام آدمی پارٹی احتجاج میں حصہ لے گی۔ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر عام آدمی پارٹی تلنگانہ پروفیسر ویشویشور راؤ نے دیگر قائدین کے ہمراہ کہا کہ عام آدمی پارٹی نوٹ بندی کے خلاف نہیں ہے۔ تاہم جس انداز سے یہ اقدام کیا گیا ہے اس سے عوام مشکلات و مصائب میں مبتلاء ہوگئے ہیں۔ کئی لوگ صدمے سے فوت ہوچکے ہیں۔ کئی نے خودکشی کرلی۔ لوگ غربت کا شکار ہورہے ہیں۔ شادیاں ملتوی ہورہی ہیں۔ عوام میں غم و غصہ و برہمی پائی جاتی ہے جبکہ مودی اور بی جے پی قائدین کو نوٹ بندی کی پیشگی  اطلاع تھی۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے اڈانی اور امبانی کے خلاف کیوں کوئی کارروائی نہیں کی گئی؟ بڑے صنعتکاروں، تاجرین کے  خلاف انکم ٹیکس دھاوے نہیں کئے جاتے؟ انہوں نے کہا آدتیہ برلا گروپ کی جانب سے مودی کو بطور رشوت جب وہ چیف منسٹر گجرات تھے، 25 کروڑ ادا کئے گئے۔ اس کی صدرجمہوریہ سے تحقیقات کی عام آدمی پارٹی خواہش کرچکی ہے۔ انکم ٹیکس چھاپوں کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہیکہ مودی کو بڑی کمپنیوں کی جانب سے کثیر رقم بطور رشوت ادا  کی گئی۔ عام آدمی پارٹی ان تمام کی تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو بیرون ملکوں میں ڈپازٹ 80 لاکھ کروڑ روپئے جمع کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT