Wednesday , September 20 2017
Home / Top Stories / نوٹ بندی کے طویل مدتی فائدے ،وزیر فینانس جیٹلی کا دعویٰ

نوٹ بندی کے طویل مدتی فائدے ،وزیر فینانس جیٹلی کا دعویٰ

’’بالواسطہ ٹیکس میں اضافہ ہوا ہے۔ پہلے ماہ میں جی ایس ٹی ریونیو توقع سے کہیں زیادہ ۔ زیادہ دنوں تک وزیر دفاع نہیں رہوں گا‘‘

نئی دہلی31اگست (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج کہاکہ نوٹ بندی سے معیشت دو یا تین سہ ماہی تک متاثر ہو سکتی ہے لیکن اس کا فائدہ طویل مدتی ہوگا۔ جیٹلی نے آج یہاں ’دی اکانومسٹ‘ میگزین کے ذریعہ منعقد ‘انڈیا سمٹ’ میں کہا کہ نوٹ بندی سے بے ضابطہ معیشت باضابطہ بن گئی ہے اس سے نظام میں شفافیت آئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جن مقاصد سے نوٹ بندی کی گئی تھی وہ حاصل ہوگئے ہیں اور سچائی یہ ہے کہ بینک میں پیسہ جمع کرانے سے وہ جائز نہیں ہوجاتا۔وزیر خزانہ نے کہاکہ نوٹ بندی سے ٹیکس کے نظام کو بھی فائدہ ہوا ہے جس سے براہ راست اور بالواسطہ ٹیکس میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے سرکاری بینکوں کے قرض کے مسائل سے نمٹنے کی تدابیر کی ہیں اور اس کیلئے کئی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ بحران میں مبتلا قرض کو نمٹانے کے عمل میں وقت لگے گا اور اس کیلئے کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوسکتا ہے ۔ جیٹلی نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کو قرض چکانا ہی ہوگا یا کسی دوسرے کو کاروبار سونپنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ عالمی معیشت کے مقابلے ہندستانی معیشت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ہندستان دنیا میں راست غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے سب سے پرکشش مرکز بنا رہے گا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں اشیاء و سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) کامیابی کے ساتھ لاگو ہوگیا ہے اور پہلے ماہ میں جی ایس ٹی ریونیو کی آمدنی حکومت کے اندازہ سے زیادہ رہی ہے ۔مرکزی کابینہ میں جلد ہی تبدیلی کی قیاس آرائیوں کے درمیان وزیر دفاع ارون جیٹلی نے آج کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ وہ زیادہ دنوں تک اس ذمہ داری کو نہیں سنبھالیں گے ۔ وزارت خزانہ کے ساتھ ساتھ وزارت دفاع کی اضافی ذمہ داری سنبھالنے والے جیٹلی نے اس اظہار خیال کے ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ کس شعبے (وزارت) میں کتنے وقت تک رہنا ہے یہ فیصلہ کرنا ان کی ذمہ داری نہیں ہے ۔ایک پروگرام میں یہ پوچھے جانے پر کہ آیا وہ بدستور وزیر دفاع رہیں گے ، انہوں نے کہاکہ ”مجھے لگتا ہے کہ زیادہ دنوں تک نہیں لیکن اس بابت کوئی فیصلہ مجھے نہیں کرنا”۔واضح رہے کہ منوہر پاریکر نے گوا کا وزیر اعلی منتخب ہونے پرگذشتہ مارچ میں وزیر دفاع کے عہدے سے استعفی دے دیا تھا ۔ اس کے بعد جیٹلی کو وزارت دفاع کا اضافی چارج دیا گیا۔

نوٹوں کی تنسیخ زبردست کارنامہ: بی جے پی
نئی دہلی 31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج نوٹوں کی تنسیخ پر تنقید کو مسترد کرتے ہوئے اسے ’’زبردست کارنامہ‘‘ قرار دیا۔ بی جے پی نے کہاکہ یہ ’’صاف ستھری اور دیانت دار‘‘معیشت کی سمت ایک قدم ہے۔ مرکزی وزیر پیوش گوئل نے کہاکہ کالا دھن بینکوں میں ڈپازٹ کروایا گیا۔ نوٹوں کی تنسیخ کے بعد اعلیٰ مالیتی کرنسی نوٹس جمع کروائے گئے۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ اس کے بارے میں تحقیقات کریں۔ حکومت پر اپوزیشن کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ جو لوگ اِس اقدام پر تنقید کررہے ہیں معاشیات کو سمجھتے ہی نہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس اقدام سے حکومت کیلئے زبردست معلومات کا ذخیرہ قائم ہوا۔

TOPPOPULARRECENT