Tuesday , October 24 2017
Home / Top Stories / نوٹ بندی کے مخالفین کالا دھن و رشوت کے ’’سیاسی پجاری‘‘

نوٹ بندی کے مخالفین کالا دھن و رشوت کے ’’سیاسی پجاری‘‘

ہندوستانی معیشت میں تارکین وطن کا گراں قدر رول ، پرواسی بھارتیہ دیوس سے وزیراعظم مودی کا خطاب
بنگلورو۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نوٹ بندی کی مخالفت کرنے والوں کو نشانہ بناتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج ان پر شدید تنقید کی جو حکومت کے اس اقدام کو ’’مخالف عوام‘‘ قرار دے رہے تھے اور کہا کہ وہ رشوت اور کالا دھن کے ’’سیاسی پجاری‘‘ ہیں جس کی وجہ سے معیشت اور ملک کی سیاست پر انتہائی مضر اثرات مرتب ہوئے۔ انہوں نے پرواسی بھارتیہ دیوس (پی بی ڈی) کے 14 ویں ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک پہلو ہے کہ کالادھن کے بعض سیاسی پجاری اس اقدام کو مخالف عوام قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کرپشن اور کالادھن کے خلاف ایک بڑی لڑائی شروع کی ہے کیونکہ اس کی وجہ سے سیاست، سماج اور انتظامیہ کھوکھلا ہوگیا تھا۔ مودی نے کہا کہ ان کی حکومت کالادھن اور کرپشن کے خلاف لڑائی کے لئے پابند ہے۔ انہوں نے ہندوستانی تارکین وطن کی اس مہم کی بھرپور تائید پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں ہندوستانی تارکین وطن کا اہم رول رہا ہے۔ انہوں نے تقریباً 69 بلین ڈالرس کی سرمایہ کاری کرتے ہوئے ہندوستانی معیشت میں گراں قدر حصہ ادا کیا ہے۔ مودی نے کہا کہ میری نظر میں ’’ایف ڈی آئی‘‘ کے دو معنی ہیں: ایک غیرملکی راست سرمایہ کاری اور دوسرا پہلے ہندوستان کی ترقی۔ وہ پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ اکیسویں صدی ہندوستان کی ہوگی۔ ہندوستانی نژاد وزیراعظم پرتگال انتھونیو کوسٹا اس کنونشن کے مہمان خصوصی تھے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی ترقی میں تارکین وطن کی بے مثال شراکت کے پیش نظر انہیں ہر طرح کی مدد اور تعاون دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے آج یہاں کہا کہ ان کی سرکار’برین ڈرین ‘کو’ برین گین ‘میں تبدیل کرنے کے لئے مکمل طور کوشاں ہے اور بیرونی ممالک میں کام کرنے کے خواہش مند ہندوستانیوں کے لئے ‘خصوصی مہارت سازی اسکیم ‘ شروع کریں گے ۔مودی نے تارکین وطن کے مفاد میں شروع کی جانے والی کئی اسکیموں سے انہیں واقف کراتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت تارکین وطن کے مفادات اور سلامتی کو بہت اہمیت دیتی ہے اور اسی سمت میں ہندوستانی سفارت خانوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ بیرون ملک میں رہنے والے ہندوستانی شہریوں اور تارکین وطن کی ہر پریشانی کو فوری طورپر حل کریں۔انہوں نے کہاکہ “ہم پاسپورٹ کا رنگ نہیں دیکھتے ، خون کا رشتہ سوچتے ہیں۔ اس کا مقصد صرف یہ بتانا ہے کہ آپ بیرون ملک میں اکیلے نہیں، آپ کا ملک ہر قدم پر آپ کیساتھ ہے “۔ انہوں نے اس موقع پر وزیر خارجہ سشما سوراج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ سوراج نے سوشل میڈیا کی مدد سے بیرون ملک میں پریشان ہندوستانیوں کو جلد مدد کرنے کا کام کیا ہے ۔اس دوران وزیراعظم پرتگال اینٹونیو کوسٹا نے ان کے ملک میں ہندوستانی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پوری فراخدلی کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT