Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / نڈال اور موگوروزانمبرون‘اسپین کا نیا ریکارڈ

نڈال اور موگوروزانمبرون‘اسپین کا نیا ریکارڈ

نیویارک۔13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ٹینس کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں مردو خاتون اسپینی کھلاڑیوں نے پہلے مقامات پر قبضہ کر لیا،گاربائن موگوروزا کے سر بھی نمبر ایک کھلاڑی کا تاج سج گیا،اعزاز کی مالک اسپین کی دوسری اور دنیا کی 24 ویں کھلاڑی بنی۔ راجر فیڈرر کی کوارٹر فائنل میں ناکامی نے رافل نڈال کو سرفہرست بنا دیا اور نشانات کے لحاظ سے حریف پر واضح سبقت حاصل کرلی۔ سال کے چوتھے اور آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن کے خاتمے پر نئی ٹینس درجہ بندی کا اعلان کر دیا گیا جس میں حیران کن بات یہ رہی کہ مین اور ویمن دونوں میں ہی اسپینش کھلاڑی عالمی نمبر ایک قرار پائے اور دونوں کو ہی حریف کھلاڑیوں کی ناکامیوں نے پہلے مقام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ڈبلیو ٹی اے رینکنگ میں اسپین کی گاربائن موگوروزا کو تازہ ترین درجہ بندی میں باضابطہ طور پر عالمی نمبر ایک قرار دے دیا گیا۔انہیں اس مقام تک پہنچانے میں کیرولینا پلسکووا نے بھرپور مدد فراہم کی جو یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں امریکی حریف کوکو وینڈے ویگھے کیخلاف شکست سے دوچار ہو گئی تھیں اور اب ان کا چوتھا نمبر ہے۔ گاربائن موگوروزا 1975ء میں متعارف کروائی جانے والی عالمی ٹینس کی درجہ بندی میں 24 ویں اور اسپین کی جانب سے ارانٹزا سانچیز وکاریو کے بعد صرف دوسری کھلاڑی ہیں جنہوں نے عالمی نمبر ایک کا درجہ پایا لیکن 6030 نشانات کے ساتھ انہیں دوسرے نمبر موجود سیمونا ہالیپ پر صرف 65 نشانات کی برتری حاصل ہے۔ یو ایس اوپن کی چیمپئن امریکی کھلاڑی سلون اسٹیفنز 17 ویں نمبر پر پہنچی ہیں جبکہ ان کی ہم وطن وینس ولیمز 2011 کے بعد پہلی مرتبہ سرفہرست 5 کھلاڑیوں میں شامل ہو گئیں۔ یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں راجر فیڈرر کی یان مارٹن ڈیل پوٹرو کیخلاف حیران کن شکست نے نڈال کو بھی مینز سنگل میں عالمی نمبر ایک کا درجہ دلا دیا اور 16 واںگرانڈ سلام جیت کر انہیں 7505 نشانات کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود راجر فیڈرر پر واضح سبقت حاصل ہو گئی،نڈال 9465 نشانات کے ساتھ پہلے مقام پر ہیں حالانکہ فیڈرر کو یو ایس اوپن میںخطاب اور نمبر ایک مقام حاصل کرنے کا موقع تھا اور 2003 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ مینز اور ویمنز ٹینس درجہ بندی میں ایک ہی ملک کے کھلاڑی سرفہرست ہیں،اس سے قبل 2003 میں آندرے اگاسی اور سرینا ولیمز نے امریکہ کیلئے یہ اعزاز کیا تھا۔

 

TOPPOPULARRECENT