Wednesday , July 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / نڈال ریکارڈ دسویں مرتبہ فرنچ اوپن چیمپیئن

نڈال ریکارڈ دسویں مرتبہ فرنچ اوپن چیمپیئن

پیرس ۔12 جون (سیاست ڈاٹ کام )سابق عالمی نمبر ایک اسپینی ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے کلے کورٹ پر ایک مرتبہ پھر اپنی بادشاہت ثابت کرتے ہوئے اسٹان واورنکا کو شکست دے کر دسویں مرتبہ فرنچ اوپن کا اپنے نام کیا اور اس کامیابی کے ذریعہ ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔کلائی کے زخم کے سبب ایک عرصے سے کلے کورٹ سے دور رہنے والے نڈال نے رواں سال کے آغاز سے ہی شاندار کھیل پیش کیا اور اب فرنچ اوپن خطاب اپنے نام کر کے ایک مرتبہ پھر اپنی قابلیت کا لوہا منوایا۔پیرس میں کھیلے گئے میچ میں رافیل نڈال نے سوئٹزرلینڈ کے اسٹان واورنکا کو میچ میں واپسی کا کوئی بھی موقع فراہم نہ کیا اور تینوں سیٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6-2، 6-3 اور 6-1 سے کامیابی اپنے نام کی۔22واں گرانڈ سلام فائنل کھیلنے والے نڈال نے اس فتح کے ساتھ ریکارڈ 10ویں مرتبہ فرنچ اوپن خطاب جیت لیا اور وہ ٹینس کی تاریخ میں پہلے کھلاڑی ہیں جس نے کوئی گرانڈ سلام دس مرتبہ جیتا ہو۔ یہ ان کے کیریئر کا 15واں گرانڈ سلام ہے اور وہ راجر فیڈرر کے ریکارڈ 18 گرانڈ سلام ریکارڈ سے تین خطابات کے فاصلے پر ہیں۔نڈال کے خطاب کی خاص بات یہ ہے کہ وہ پورے فرنچ اوپن میں ایک بھی سیٹ نہیں ہارے اور یہ ان کے کیریئر میں تیسرا موقع ہے کہ وہ بغیر کوئی سیٹ ہارے فرنچ اوپن جیتے ہوں۔ ساڑھے چار گھنٹے کے طویل مقابلے کے بعد عالمی نمبر ایک کو چت کر کے فائنل میں پہچنے والے واورنکا فائنل میں نڈال کے سامنے بالکل بے بس نظر آئے اور تیسرے ہی گیم میں بریک پوائنٹ دے بیٹھے جس کے بعد اسپینش اسٹار نے انہیں میچ میں واپسی کا کوئی موقع نہ دیا۔ یہ 1969 کے بعد پہلا موقع تھا کہ رولینڈ گیروس کے دونوں فائنلسٹ 30سال سے زائد عمر کے تھے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT