Thursday , July 27 2017
Home / کھیل کی خبریں / نڈال کی کلے کورٹ پر17 فتوحات تھیم کے خلاف تھم گئیں

نڈال کی کلے کورٹ پر17 فتوحات تھیم کے خلاف تھم گئیں

روم۔ 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کلے کورٹ کے بادشاہ رافل نڈال کی رواں سیزن ان میدانوں پر مسلسل 17 فتوحات کا سلسلہ روم ماسٹرس کے کوارٹر فائنل میں رک گیا جیسا کہ آسٹریا کے ڈومینک تھم نے سابق عالمی نمبر ایک نڈال کو بہ آسانی 6-4، 6-3 سے شکست دیتے ہوئے نہ صرف سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی بلکہ گزشتہ ہفتہ میڈرڈ ماسٹرس کے فائنل میں ہوئی شکست کا حساب بھی برابر کرلیا۔ 30 سالہ نڈال جوکہ ان دنوں کلے کورٹ پر متواتر تین خطابات حاصل کرتے ہوئے روم ماسٹرس میں بھی خطاب کے لئے مضبوط دعویدار تھے اور وہ یہاں ایک اور کامیابی کے ذریعہ آئندہ ہفتہ شروع ہونے والے فرنچ اوپن میں اپنے 10 ویں خطاب کی سمت بہتر انداز میں آگے بڑھ رہے تھے۔ ناکامی کو مثبت سمت آگے بڑھاتے ہوئے نڈال نے کہا کہ اس ناکامی سے انہیں فرنچ اوپن کی تیاری کے لئے کچھ وقت مل جائے گا اور وہ تازہ دم ہوجائیں گے۔ نڈال نے کہا کہ وہ کل مولارکا میں مچھلی پکڑنے جائیں گے۔ نڈال کو رواں ٹورنمنٹ میں کوارٹر فائنل تک رسائی کیلئے کوئی خاص محنت نہیں کرنی پڑی تھی جیسا کہ پہلے مرحلے کے مقابلے میں بائی، دوسرے مقابلے میں نکولاس المگرو کے خلاف 3 گیمس کھیلنے پڑے تھے جس کے بعد المگرو زخمی ہوکر مقابلہ سے دستبردار ہوگئے۔ بعدازاں انہوں نے امریکہ کے جیک سوک کے خلاف 6-3، 6-4 کی کامیابی حاصل کی تھی لیکن تھم نے انہیں فرنچ اوپن سے قبل ایک اہم رکاوٹ برداشت کرنے پر مجبور کیا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT