Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / نہرو زوالوجیکل پارک میں آج سے سفاری پارک کی کشادگی

نہرو زوالوجیکل پارک میں آج سے سفاری پارک کی کشادگی

عوام کو کھلے عام گھومنے والے شیر ،ببر اور ریچھ کا مشاہدہ کرنے کا موقع
حیدرآباد 10 اپریل (سیاست نیوز) نہرو زوالوجیکل پارک میں سفاری پارک کو عوام کے لئے کھول دیا جائے گا اور عوام 11 اپریل سے سفاری پارک میں کھلے عام گھومنے والے شیر، ببر اور ریچھ کا مشاہدہ کرپائیں گے۔ حیدرآباد میں موجود زو پارک میں سال 2014 ء کے اواخر میں سفاری پارک کی سیاحت کو مسدود کردیا گیا تھا اور سفاری پارک کی بسوں میں آئی خرابی کے باعث عوام اس تفریح سے محروم تھے لیکن اب محکمہ جنگلات کی جانب سے سفاری پارک کی سہولتوں کا احیاء کیا جانے والا ہے۔ نہرو زوالوجیکل پارک میں 11 اپریل کو شروع ہورہے سفاری پارک کی تفریح کے آغاز پر سیاحوں کو پارک میں ببر، ایک شیر کے علاوہ 3 ریچھ کا کھلے عام مشاہدہ کرنے کا موقع ملے گا۔ سفاری پارک کی سیاحت کے لئے محکمہ جنگلات کی جانب سے 4 نئی گاڑیاں دہلی سے منگوائی گئی ہیں جوکہ نہرو زوالوجیکل پارک میں استعمال کی جائیں گی۔ ان گاڑیوں کی خصوصیت یہ ہے کہ سیاح ان گاڑیوں میں بند ہوں گے اور خونخوار جنگلی جانور کھلے عام گھومتے رہیں گے۔ شیر، ببر اور ریچھ کو سفاری پارک میں کھلے عام گھومتے دیکھنے کا تجربہ جنگل میں ان جانوروں کے مشاہدے جیسا ہی ہوگا۔ عہدیداروں کے بموجب شیر ایک ہی علاقہ میں رہیں تو بہت جلد ایک دوسرے سے متصادم ہونے لگتے ہیں اس لئے سفاری پارک میں صرف ایک شیر کو چھوڑا جارہا ہے اور مستقبل میں اس تعداد میں اضافہ کے متعلق غور کئے جانے کی اُمید ہے۔ زو پارک میں سال 2014 ء کے اواخر میں سفاری پارک کی بسوں کے فیل ہوجانے کے بعد سے اب تک محکمہ جنگلات کی جانب سے زائداز 3 مرتبہ سفاری کی سیاحت کے ازسرنو آغاز کا اعلان کیا گیا لیکن ان اعلانات پر عمل آوری نہیں ہوپائی لیکن عہدیداروں کا کہنا ہے کہ 11 اپریل سے سفاری پارک کی تفریح کا آغاز ہوجائے گا۔ شہر میں موجود زو پارک میں بہتر صیانتی انتظامات کے ساتھ سفاری کی سہولت کے آغاز سے زو کے عہدیداروں کو توقع ہے کہ آئندہ دنوں میں گرمائی تعطیلات کے دوران بڑھنے والے ہجوم کو زوالوجیکل پارک کی تفریح کے دوران سفاری کی تفریح کا موقع یادگار ثابت ہوگا اور سفاری پارک کے آغاز سے عوام کو بڑی تعداد زو کا رُخ کرے گی۔ چونکہ کئی لوگ سفاری پارک کی تفریح کے مسدود کئے جانے کے سبب مایوسی کا اظہار کررہے تھے، سفاری کی سیاحت کی خدمات بحال ہونے سے زوالوجیکل پارک کو بغرض تفریح پہنچنے والوں کی تعداد میں بھی زبردست اضافہ کی توقع ہے اور اس اضافہ سے محکمہ جنگلات کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔ زو میں موسم گرما کے سبب جانوروں کو راحت پہنچانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں جن میں ایئر کولرس کی تنصیب اور روزانہ پانی کے چھڑکاؤ کو یقینی بنانا شامل ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT