Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / نیدر لینڈ کا انٹرنیشنل ڈرگ اسمگلر حیدرآباد کا داماد

نیدر لینڈ کا انٹرنیشنل ڈرگ اسمگلر حیدرآباد کا داماد

نانک رام گوڑہ کے ایک اپارٹمنٹ میں مقیم ، ایس آئی ٹی کی پوچھ تاچھ میں انکشاف
حیدرآباد ۔ 5 اگست (سیاست نیوز) آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ منشیات کے سنسنی خیز کیس میں گرفتار ہونے والا نیدرلینڈ کا انٹرنیشنل ڈرگ اسمگلر مائیک کمینگ حیدرآباد کا داماد ہے۔ پرانے شہر کی دوشیزہ سے محبت کی شادی رچائی ۔ایس آئی ٹی کی پوچھ تاچھ میں یہ انکشاف ہوا ہے۔ منشیات کیس میں جتنی گہرائی سے تحقیقات کی جارہی ہے، اتنے ہی چونکا دینے والے انکشافات ہورہے ہیں۔ فلمی شخصیتوں سے تفتیش کے دوران اکسائز انفورسمنٹ ایس آئی ٹی کے ہاتھ لگنے والے ڈرگس کا انٹرنیشنل اسمگلر مائیک کمینگ جس کا نیدرلینڈ سے تعلق ہے، کو گرفتار کرتے ہوئے جیل بھیجا گیا تھا۔ ایس آئی ٹی نے عدالت سے اس کو اپنی تحویل میں لیا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ اس کے ٹیلیفون میں 1500 نمبرات ہیں، جن میں فلمی شخصیتوں، کارپوریٹ سیکٹرس کے تاجرین اور ان کے بچوں کے نام شامل ہیں۔ پوچھ تاچھ کے دوران پتہ چلا ہیکہ وہ گذشتہ 7 سال سے حیدرآباد میں منشیات فروخت کررہا ہے۔ پرانے شہر کی لڑکی کے دام محبت میں گرفتار تھا اور اس لڑکی سے شادی کرتے ہوئے نانک رام گوڑہ کے ایک اپارٹمنٹ میں ازدواجی زندگی گذار رہا ہے اور اس جوڑے کو ایک تین سال کا لڑکا بھی ہے۔ ساتھ ہی اس بات کا بھی علم ہوا ہیکہ وہ نیدرلینڈ سے قیمتی DMT ڈرگس لاتے ہوئے کالج کے طلبہ اور سافٹ ویر ماہرین کو سربراہ کررہا ہے۔ منشیات کی فروختگی سے حاصل ہونے والی آمدنی سے عیش و آرام کی زندگی گذار رہا ہے۔ مائیک کمینگ کو گرفتار کرنے والے اکسائز عہدیداروں نے اس کے قبضے سے 2.6 گرام DMT ڈرگس برآمد کرلیا تھا۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ یہ قیمتی ڈرگس 4 تا 5 ہزار روپئے میں فی یونٹ فروخت ہوتا ہے۔ ایس آئی ٹی کے عہدیدار اس کو تین دن کیلئے اپنی تحویل میں لیتے ہوئے پوچھ تاچھ کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT