Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / نیشنل آسٹرونومی اولمپیاڈ میں ایم ایس کے طلباء کا شاندار مظاہرہ

نیشنل آسٹرونومی اولمپیاڈ میں ایم ایس کے طلباء کا شاندار مظاہرہ

انعام الحق کو آل انڈیا سطح پر 27 واں رینک ،ملک اور ملت کا نام روشن
حیدرآباد ۔ 12 مارچ (پریس نوٹ) ایم ایس کے طلباء نے نیشنل آسٹرونومی اولمپیاڈ کے امتحان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آل انڈیا 27 واں رینک حاصل کیا۔ اس کے علاوہ 15 طلباء نے 41 سے 199 کے درمیان رینک حاصل کیا ہے۔ گذشتہ دنوں جاری کئے گئےNAO (2015-2016) کے نتائج میں ایم ایس کے طالب علم انعام الحق نے آل انڈیا 27 واں رینک حاصل کیا ہے۔ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے ایگزیکیٹیو ڈائرکٹر افضل الرحمن نے آج اس امتحان کے نتائج کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ “NAO” امتحان میں ایم ایس کے 16 طلباء نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے اور 27 رینک سے 99 رینک کے درمیان رینک حاصل کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کامیاب طلباء کی فہرست میں 7 طلباء ایسے ہیں جنہوں نے ٹاپ 60 کے اندر رینک حاصل کیا ہے۔ NAO امتحان کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ امتحان کل ہند سطح پر منعقد کیا جاتا ہے جس میں ملک بھر کے اسکولوں سے لاکھوں طلباء شریک ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امتحان آن لائن منعقد کیا جاتا ہے جس میں طلبہ سے ذہنی صلاحیت، سائنس اور آسٹرونومی سے سوالات پوچھے جاتے ہیں۔ اس امتحان میں کامیابی پر طلباء کو NASA میں داخلہ اور خلاء باز بننے کے مواقع میسر ہوتے ہیں۔ ایم ایس کے ایگزیکیٹیو ڈائرکٹر نے مزید بتایا کہ نیشنل آسٹرونومی اولمپیاڈ امتحان میں ایم ایس کے طلباء نے پہلی بار شرکت کی ہے اور پہلی بار میں ہی اللہ نے ہمارے طلباء کو شاندار کامیابی سے نوازا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بار سارے ملک سے دو لاکھ سے زائد طلبہ اس امتحان میں شریک ہوئے تھے جن میں ایم ایس کے طلباء نے نہایت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹاپ لسٹ میں اپنا مقام بنایا ہے۔ واضح رہیکہ ملت کے بچوں میں سائنسی رجحان پیدا کرنے اور اس طرف راغب کرنے کیلئے ایم ایس انتظامیہ علاقائی اور قومی سطح پر ہونے والے مختلف مقابلہ جاتی امتحانوں میں ایم ایس کے طلباء کو تربیت فراہم کرکے شریک کرواتا ہے۔ ایم ایس کا یہ منصوبہ ہیکہ قوم کے بچے بہترین سائنسدان بنیں اور ملک و قوم کو اپنی خدمات فراہم کرکے انسانیت کو فیض پہنچائیں۔

TOPPOPULARRECENT