Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / نیشنل سائنس فیرمنعقدہ چینی ٔ میں حیدرآباد کے طلبہ وطالبات کا شاندار مظاہرہ

نیشنل سائنس فیرمنعقدہ چینی ٔ میں حیدرآباد کے طلبہ وطالبات کا شاندار مظاہرہ

ہندوستان کے معروف سائنسدان ڈاکڑ انا دورائی نے کہاکہ طلبہ کا طریقہ کار ڈاکڑیٹ کے طلبہ جیسا
عالم محمد صالح کالج آف انجینئرنگ چینی ٔ میں 7 جنوری کو منعقدہ قومی سطح کے سائنس فیر میں سائنس فیر اکیڈمی (ایس ایف اے)حیدرآباد کے پانچ اسکولوں کے 89طلبہ نے حصہ لیا۔جن میں کل 11طلبہ نے انعامات حاصل کئے۔ ایم ایس اسکولز نے نو انعامات جیتے جبکہ نیوروزری اور مائونٹ مرسی اسکولزنے ایک ایک انعام جیتا۔بیشتر طلبہ کے مظاہرہ بے حد پسند کئے گئے۔اس سائنس فیر کے اختتامی اجلاس میں شریک اسرو سے وابستہ ہندوستان کے معروف سائنسدان ڈاکڑ مائیل سوامی انادورائی نے کامیاب طلبہ کو انعامات سے نوازا۔حیدرآباد کے طلبہ کے مظاہرے کوڈاکڑ انادورائی نے بہت پسند کیا اور کہا کہ ان بچوں نے جس جانفشانی اور لگن سے اپنے پروجیکٹس پر کام کیا وہ بالکل اسی نہج پر ہے جس پر ڈاکڑیٹ اور پوسٹ گرایجویٹ طلبہ کے تحقیقی کام ہوتے ہیں۔ڈاکڑانادورئی جیسے معروف سائنسدان کی زبانی یہ ستائشی کلمات ملت اسلامیہ حیدآباد کیلئے نہایت ہی گراں قدر اعزاز ہے۔سائنس فیر عام نمائش کی طرح نہیں ہوتا بلکہ اس کے توسط سے ایک طالب علم سائنس کے مختلف میدانوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرتے ہوئے ‘ اپنی خاص لگن ‘ جستجو اور کوشش سے ایک ایسا سوال وضع کرتا ہے جس کے تحت مفروضہ اور پھر مختلف النوع تحقیقی تجربے انجام دیتا ہے اور متعینہ مفروضہ کا صحیح ہونا سائنسی دلائل کے ساتھ واضح کرتا ہے۔طالب علم اپنا تمام تر تحقیقی کام مظاہرے کیلئے بڑے اہتمام سے پیش کرتا ہے تاکہ دیکھنے والوں کو نہ صرف متعلقہ تحقیقی نتائج سے واقفیت ہوتی ہے بلکہ طالب علم کی محنت او رلگن کا بھی اندازہ ہوجاتا ہے۔ سائنسی تحقیق کا کام چونکہ بڑا صبر آزما اور محنت طلب ہوتا ہے جس کا ناظرین کو والدین ‘سرپرست اور اساتذہ کی محنت وجانفشانی کا بھی بخوبی اندازہ ہوجاتا ہے۔ بحیثیت مجموعی سائنس فیر ‘ علمی تحقیق اور فکری بالیدگی کے لئے ایک انتہائی اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ سائنس فیر کے انعقاد سے امید ہے کہ مسلم وغیر مسلم طلبہ و طالبات میں مستقبل قریب میں سائنس کے میدان میں نمایاں کارنامے انجام دینے کی زور دار ترغیب میسر آئے گی۔ قومی سطح کے سائنس فیر مقابلے میں حصہ لینے کے لئے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کی رہنمائی کا کام ایس ایف اے حیدرآبادسے وابستہ ذمہ داران اور اساتذہ نے انجام دیا۔نیشنل سائنس فیرمنعقدہ چینی ٔ میں طلبہ کے ہمراہ اکیڈمی کی جنرل سکریڑی نسرین فاطمہ کے علاوہ اکیڈمی کی ممبران امۃ الغفور اور سعدیہ ثمرین تھیں۔ایس ایف اے کے تحت عنقریب شہر حیدرآباد میں علاقائی سطح کی سائنس فیر کا انعقاد بھی عمل میںلایا جارہا ہے۔جس میں شہر کے مختلف اسکولوں کے 300سے زائد طلبہ وطالبات اپنی سائنسی وتحقیقی صلاحیتوں کوپیش کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT