Monday , June 26 2017
Home / ہندوستان / نیم شہری علاقوں میں خانگی ہاسپٹلوں کی توسیع پر زور

نیم شہری علاقوں میں خانگی ہاسپٹلوں کی توسیع پر زور

مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا کا خطاب
نئی دہلی۔/14 ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) نیم شہری علاقوں میں طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے آج خانگی ہاسپٹلوں پر زور دیا ہے کہ وہاں اپنے مراکز قائم کریں اور اپنی خدمات کو قابل استطاعت بنائیں۔ کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹریز کے زیر اہتمام 13ویں انڈین ہیلت سمیٹ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے انتظامات ملک میں طبی خدمات کی خلیج پاٹنے میں مددگار ثابت ہوں گے اور عالمی نگہداشت صحت کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خانگی طبی اداروں سے پرخلوص اپیل ہے کہ نیم شہری علاقوں میں اپنے مراکز قائم کریں تاکہ عوام کو سستا اور معیاری علاج فراہم کیا جاسکے۔ مسٹر نڈا نے بتایا کہ نیشنل ہیلت پروٹیکشن اسکیم کے ذریعہ مزید 7 کروڑ خاندانوں کو ہیلت انشورنس فراہم کیا جائے گا۔ اس طرح 40 کروڑ لوگوں کو معالجہ کی سہولت حاصل ہوجائے گی۔ انہوں نے اسکیم پر عمل آوری میں خانگی شعبہ سے تعاون کی خواہش کی۔ ادویات اور تشخیص میں تفاوت کا تذکرہ کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ ملک میں بیرونی طبی آلات پر انحصار کرنے کی بجائے جنرک ادویات کے استعمال کو فروغ دیا جائے اور ملک میں ہی اس کی پیداوار پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ نشاندہی کی کہ بعض ریاستوں نے صحت عامہ کیلئے مختص کروڑہا روپئے صرف نہیں کئے ہیں اور نہ ہی سرکاری فنڈز کے استعمال کا سرٹیفکیٹ پیش کیا ہے جبکہ وفاقی ڈھانچہ میں مرکز کے حدود متعین ہوتے ہیں۔ دوسری طرف بعض ریاستیں طبی سہولیات کی فراہمی میں پیش پیش ہیں تو بعض ریاستیں تساہل پسندی سے کام لے رہی ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT