Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان آج دوسرے ٹسٹ کا آغاز

نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان آج دوسرے ٹسٹ کا آغاز

مکالم اپنے آخری ٹسٹ میں بہتر مظاہرہ اور کامیابی کیلئے پرعزم

کرائسٹ چرچ ۔ 19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے کپتان برنڈن مکالم نے کل یہاں شروع ہونے والے اپنے کیریئر کے آخری یعنی 101 ویں ٹسٹ میں ٹیم کو کامیابی دلوانے کو ترجیح دی حالانکہ چاروں گوشوں سے ان کی سبکدوشی کی بات کہی جارہی ہے۔ مکالم نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے سے کہیں زیادہ ان کیلئے اس مقابلہ میں آسٹریلیا کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز کو 1-1 سے برابر کرنا ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے پڑوسی ملک آسٹریلیا کے خلاف دو مقابلوں کی ٹسٹ سیریز کھیل رہی ہے لیکن پہلے ٹسٹ میں اسے اننگز کی ہزیمت ناک شکست برداشت کرنی پڑی۔ مکالم اپنے اس آخری مقابلہ میں ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنا چاہتے ہیں اور ان کیلئے ایک اور ریکارڈ بھی انتظار کررہا ہے جیسا کہ وہ ایک چھکا لگاتے ہوئے آسٹریلیا کے سابق وکٹ کیپر بیٹسمین ایڈم گلکرسٹ کے 100 چھکوں کا ریکارڈ توڑ دیں۔ مکالم کا آخری ٹسٹ دیکھنے کیلئے مقامی شائقین میں جذبہ اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے

اور یہاں 5 برس قبل آئے زلزلہ کی سالگرہ بھی ہوگی جس میں 185 جانیں ضائع ہوئی تھیں۔ جذباتی حالات کے باوجود مکالم نے کہا ہیکہ یہ ان کیلئے مزید ایک ٹسٹ ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس آخری مقابلہ سے نہ صرف لطف اندزو ہوں بلکہ کامیابی کے ذریعہ سیریز کو برابر کریں۔ مکالم کے بموجب فی الحال ان کی تمام تر توجہ اپنے آخری مقابلہ سے لطف اندوز ہونے پر مرکوز ہے اور ان کے ساتھی کھلاڑی بھی اس مقابلہ میں بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرائسٹ چرچ میں کھیلنا ان کیلئے ہمیشہ ہی یادگار رہا ہے۔ کل یہاں کھیلے جانے والے اس اہم مقابلہ کیلئے وکٹ پر گھاس موجود ہے

اور امید کی جارہی ہیکہ جو بھی ٹیم ٹاس جیتے گی وہ پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دے گی۔ وکٹ پر گھاس کی موجودگی کے ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے مکالم نے کہا ہیکہ وکٹ پر گھاس موجود ہے اوردونوں ہی ٹیموں کا بولنگ شعبہ بہترین ناموں پر مشتمل ہے اور امید ہیکہ اس وکٹ پر ایک بہترین مقابلہ کھیلا جائے گا۔ مکالم اپنے گھریلو میدان پر اس ٹسٹ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے دور ہوجائیں گے۔ دریں اثناء فاسٹ بولر پیٹر سیڈل اور نیوزی لینڈ کے ڈگ بریسویل زخموں کے سبب دونوں ٹیموں کے درمیان کل شروع ہونے والے ٹسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ڈگ بریسویل کندھے کے زخم  کا شکار ہوئے جس کے سبب ان کی ہفتے سے شروع ہونے والے ٹسٹ میچ میں شرکت نہیں ہوگی۔نیوزی لینڈ نے بریسویل کے متبادل کا اعلان نہیں کیا کیونکہ میٹ ہنری اور نیل ویگنر پہلے سے ہی ٹیم کے ساتھ ہیں اور ان دونوں میں سے کسی ایک کو ٹسٹ میچ کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب کمر کی تکلیف کے سبب آسٹریلیائی فاسٹ بولر پیٹر سیڈل بھی دوسرے اور آخری ٹسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ سیڈل نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے  میچ کی دوسری اننگز میں اس زخمی  ہوئے جہاں وہ صرف 8 اوورز کرے تھے اور تیسرے دن چائے کے وقفے کے بعد میدان سے باہر جانے پر مجبور ہو گئے تھے۔ سیڈل کی جگہ جیمز پیٹنسن کو میچ کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے جنہوں نے آخری مرتبہ جنوری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹسٹ سیریز میں ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT