Tuesday , October 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو پہلا ٹسٹ 122 رنز سے ہرایا

نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو پہلا ٹسٹ 122 رنز سے ہرایا

ڈونیڈن ، 14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹسٹ میں آج 122 رنز کے واضح فرق سے کامیابی کے ذریعے دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کر لی ہے۔ میچ کے پانچویں و آخری دن سری لنکا کو جیت کیلئے مزید 296 رنز درکار تھے جبکہ میزبانوں کو سات وکٹوں کی ضرورت تھی۔ نیل ویگنر کی جارحانہ بولنگ نے نیوزی لینڈ کو درکار ابتدائی کامیابی دلائی، جس کے بعد نیوزی لینڈ کیلئے جیت آسان ہوگئی۔ گزشتہ روز میچ کے چوتھے دن سری لنکا کو جیت کیلئے 405 رنز کا مشکل ہدف ملا تھا، لیکن اس کی پوری ٹیم آج 282 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ دنیش چنڈیمل نے سب سے زیادہ 58 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدی نے تین جبکہ ٹرینٹ بولٹ، مچل سانٹر اور ویگنر نے دو، دو وکٹیں لئے۔ کیوی اوپنر مارٹن گپٹل کو پہلی اننگزمیں شاندار سنچری اسکور کرنے پر ’’مین آف دی میچ‘‘ قرار دیا گیا۔ چوتھے دن بارش نے تین بار کھیل میں رکاوٹ پیدا کی اور چوتھے دن کے کھیل کے خاتمے پر سری لنکا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنالئے تھے اور کریز پر چنڈیمل 31 رنز بناکر موجود تھے۔ اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا اور نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں اوپنر گپٹل کی شاندار سنچری (156) اور کپتان برینڈن میکلم کے تیز رفتار 75 رنز کی بدولت 431 رنز بنائے۔ اس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 294 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز کی بنیاد پر 137 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی، پھر اس نے دوسری اننگز میں ٹام لاتھم کی ناقابل تسخیر سنچری (109) اور کین ولیمسن کے 71 رنز کی بدولت 267/3 بناکر اننگز ڈیکلیر کردی اور سری لنکا کو پانچ سیشن میں 405 رنز کا بڑا ٹارگٹ مقرر کیا۔ دوسرا ٹسٹ 18 دسمبر سے ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT