Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / نیوزی لینڈ کی ڈرامائی فتح، بنگلہ دیش 595 رنز بناکر بھی ہار گیا

نیوزی لینڈ کی ڈرامائی فتح، بنگلہ دیش 595 رنز بناکر بھی ہار گیا

ویلنگٹن ، 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے کپتان کین ولیمسن کی جارحانہ سنچری کی بدولت بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ میں سات وکٹ سے ڈرامائی فتح حاصل کر کے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ یہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ پہلی اننگز میں 595 رنز بنانے والی ٹیم میچ ہاری ہو، اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے پاس تھا جو 586 رنز بنانے کے باوجود ٹسٹ ہار گئی تھی۔ ویلنگٹن میں بنگلہ دیش کے 595/8d کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 539 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور یوں بنگلہ دیش نے 56 رنز کی برتری حاصل کی۔ لیکن دوسری اننگز میں پوری ٹیم 160 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے والے شکیب الحسن دوسری اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ صابر رحمن 50، امرالقیس 36، تمیم اقبال 25 اور مومن الحق 23 رنز بنا کر نمایاں اسکوررس رہے جبکہ چھ کھلاڑی دو ہندسوں تک نہ پہنچ سکے۔ پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو میچ میں فتح کیلئے 217 رنز کا ہدف دیا لیکن 39 رنز تک دونوں کیوی اوپنر مہدی حسن میراز کی وکٹ بن چکے تھے۔ اس موقع پر لگتا تھا کہ شاید نیوزی لینڈ دفاعی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے وکٹ بچانے اور میچ ڈرا کرنے پر اکتفا کرے لیکن ولیمسن نے برینڈن میک کولم کی جارحانہ حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے میچ جیتنے کی سوچ اپنائی اور ایک عمدہ اننگز سے اَنہونی کو ہونی کر دکھایا۔ انہوں نے ٹیم کے سب سے تجربہ کار رکن راس ٹیلر کے ساتھ 163 رنز کی شراکت قائم کی اور اور اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا۔ جب ٹیلر 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے محض 15 رنز درکار تھے۔ کین ولیمسن نے 90 گیندوں پر 15 چوکوں کی مدد سے 104 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو سات وکٹ کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔ نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات شاندار رن ریٹ رہا، جہاں اس نے 5.47 کی شرح سے 39.4 اوورز میں 217 رنز بنائے اور سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ پہلی اننگز میں 177 رنز بنانے والے ٹام لاتھم کو ’مین آف دی میچ‘ ایوارڈ دیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT