Tuesday , September 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / نیوزی لینڈ کے مقابل انڈیا 1-2 سے ناکام ، اب ملائیشیا کو ہرانا ضروری

نیوزی لینڈ کے مقابل انڈیا 1-2 سے ناکام ، اب ملائیشیا کو ہرانا ضروری

اذلان شاہ ہاکی

ایپوہ (ملائیشیا ) ۔ 13 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے فائنل تک رسائی کے امکانات کو آج جھٹکہ لگا جب وہ 25 ویں اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنمنٹ میں یہاں اپنے دوسرے آخری راؤنڈ روبن لیگ میچ میں ڈیفنڈنگ چمپیئنس نیوزی لینڈ کے مقابل 1-2 سے ناکام ہوگئے۔ کین رسل ( 28 واں منٹ ) اور نک ویلسن (41) کے گولس نے نیوزی لینڈ کو فتح دلائی ، جو گرم اور مرطوب حالات میں موسمی مشکلات پر قابو پاتے ہوئے ہندوستانیوں کے مقابل بہتر کھیل پیش کیا ، جن کا واحد گول مندیپ سنگھ نے 36 ویں منٹ میں اسکور کیا ۔ ہندوستانیوں کی جانب سے دفاع کی غلطی ویلسن کے گول کا سبب بنی جبکہ سردار سنگھ کی ٹیم خود اپنے سرکل میں بھی مناسب ڈھنگ سے گیند پر قابو پانے میں ناکام رہی ۔ نیوزی لینڈ کو مجموعی طورپر حریفوں کی غلطیوں کا فائدہ ہوا ۔ ہندوستان آج کی شکست کے باوجود آسٹریلیا کے خلاف فائنل کھیل سکتا ہے بشرطیکہ وہ جمعہ کو اپنے آخری لیگ میچ میں میزبان ملائیشیا کو شکست دیں۔ دوسری طرف نیوزی لینڈ کو اضطراب کے ساتھ اُس میچ کے نتیجہ کا انتظار رہے گا کیونکہ ہندوستان کی کامیابی کی صورت میں وہ برونز میڈل کیلئے مسابقت کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔

آسٹریلیا چار لگاتار کامیابیوں کے ساتھ 12 پوائنٹس جٹاکر ہنوز اول پوزیشن پر ہے۔ ہندوستان کے پانچ میچوں سے 9 پوائنٹس ہیں اور اس ٹورنمنٹ میں اُن کا تمغہ کے ساتھ اختتام جمعہ کے میچ پر منحصر رہے گا ۔ آج کی ناکامی پر ہندوستان کے کوچ رولینڈ آلٹمینس نے کہاکہ اُن کی ٹیم پچھلے مقابلوں جیسی توانائی کے ساتھ کھیل پیش کرنے میں ناکام ہوئی ۔ ’’مجھے ظاہر ہے اس ناکامی پر مایوسی ہوئی ہے ۔ ہمیں ہمارے مواقع ملے جو گول میں تبدیل نہیں کئے جاسکے ۔ یہاں کے مرطوب حالات میں ہمارے لڑکے تھکن کا شکار ہوئے اور اپنی حقیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کرپائے ‘‘۔ ایپوہ میں آج 37 ڈگری سیلسیس کا اعظم ترین درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔

TOPPOPULARRECENT