Monday , September 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / نیوزی لینڈ 30 سالہ جمود توڑنے کوشاں کیویز کو مصباح سے عاری پاکستانی ٹیم کو ٹسٹ سیریز ہرانے کا موقع

نیوزی لینڈ 30 سالہ جمود توڑنے کوشاں کیویز کو مصباح سے عاری پاکستانی ٹیم کو ٹسٹ سیریز ہرانے کا موقع

ہملٹن ، 23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کی نظریں ہیملٹن ٹسٹ میں پاکستان کے کپتان مصباح الحق کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مہمانوں کے خلاف تین دہائیوں میں پہلی مرتبہ سیریز جیتنے پر مرکوز ہیں۔ ٹسٹ رینکنگ میں ساتویں نمبر پر موجود کیویز نے کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی اور جمعہ سے شروع ہونے والا دوسرا ٹسٹ ڈرا کرنے کی صورت میں بھی کیویز سیریز اپنے نام کر لیں گے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 22 سیریز کھیلی گئی ہیں اور اب تک نیوزی لینڈ صرف دو سیریز جیت سکا ہے جن میں سے آخری سیریز 1985ء میں جیتی تھی۔ پانچ سال قبل دونوں ٹیموں کے درمیان ہملٹن میں منعقدہ مقابلے کی دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن اپ 50 رنز کے اضافے پر آٹھ وکٹیں گنوا کر یکایک ڈھیر ہو گئی تھی اور میچ میں میزبانوں کو دس وکٹ سے شکست سے دوچار ہوئی۔ اُس اننگز میں وہاب ریاض نے تین وکٹیں لے کر فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا اور کرائسٹ چرچ ٹسٹ کیلئے نظر انداز کئے جانے کے بعد انہیں ہملٹن میں کھلائے جانے کا امکان ہے۔ کرائسٹ چرچ ٹسٹ کی دونوں اننگز میں پاکستانی ٹیم صرف 304 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی تھی اور دوسرے ٹسٹ کیلئے مصباح الحق سے محروم بیٹنگ لائن اَپ پر مزید ذمے داری آن پڑی ہے۔ گزشتہ سات سیریز سے ناقابل شکست ٹیم کی قیادت کرنے والے کپتان مصباح اپنے خسر کے انتقال کی وجہ سے وطن واپس لوٹ گئے تھے۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ سلو اوور ریٹ کے سبب اُن پر ایک میچ کی پابندی بھی عائد کردی گئی ہے جس کے سبب اب وہ آسٹریلیا میں ہی ٹیم کی قیادت کرسکیں گے۔ عبوری ٹسٹ کیپٹن اظہر علی نے کہا کہ بیٹنگ یونٹ کو ٹھوس مظاہرہ پیش کرنا ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT