Thursday , April 27 2017
Home / شہر کی خبریں / نیو روزری نرسری اسکول ‘ سالارجنگ کالونی کا سائنس لیاب ابن سینا کے نام معنون

نیو روزری نرسری اسکول ‘ سالارجنگ کالونی کا سائنس لیاب ابن سینا کے نام معنون

مہذب اور تعلیم یافتہ معاشرہ کی تشکیل کیلئے تعلیم نسواں ناگزیر، یوم خواتین سے محترمہ شاداں وزارت رسول خاں کا خطاب
حیدرآباد۔9مارچ۔ ( پریس نوٹ ) ۔ محترمہ شاداں وزارت رسول خان سکریٹری شاداں گروپ آف انسٹی ٹیوشنس نے نیو روزری نرسری‘ کے جی اینڈ ہائی اسکول سالار جنگ کالونی ٹولی چوکی میں سائنس لیباریٹریز کو بابائے طب ابن سینا کے نام معنون کیا۔ وہ 8 مارچ کو بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے یہاں مدعو تھیں۔ مسز مونا مہدی پرنسپال جین ہریٹیج کیمبرج اسکول کونڈاپور نے اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ پرنسپال نیو روزری نرسری کے جی اینڈ ہائی اسکول محترمہ نسرین فاطمہ نے نگرانی کی۔ محترمہ شاداں وزارت رسول خاں نے اسکول انتظامیہ کو یوم خواتین کے اہتمام پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے خواتین کی عظمت ہر شعبہ حیات میں ان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طالبات کو معاشرہ کی اصلاح کے لئے نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صحیح تعلیم و تربیت کی بنیاد پر ہی معاشرہ کا انحصار ہے کیونکہ ایک لڑکی بیٹی‘ بہن‘ ماں‘ بیوی اور بہو کی حیثیت سے اپنی اپنی ذمہ داری اور فرائض خوبی کے ساتھ نبھائیں تو گھر اور معاشرہ میں امن و سکون کی فضا برقرار رہتی ہے۔ تعلیم یافتہ ماں کی گود میں مہذب معاشرہ پروان چڑھتا ہے۔ محترمہ شاداں وزارت رسول خاں نے نیو روزری اسکول انتظامیہ کو معیار تعلیم‘ ڈسپلن کے لئے مبارکباد پیش کی اور اس بات پر خوشنودی کا اظہار کیا کہ نیشنل سائنس فیر میں اسکول کے طلباء و طالبات کا مظاہرہ ہمیشہ شاندار رہا ہے۔محترمہ شاداں رسول خاں نے ڈاکٹر وزارت رسول خاں مرحوم کے تعلیمی مشن پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ تعلیم نسواں کو عام کرنا ان کا مقصد تھا۔ اسی مقصد کے تحت ریاست کے پہلے ویمنس انجینئرنگ ‘ میڈیکل ‘ ایم بی اے کالجس قائم کئے گئے۔ مسز مونا مہدی نے طالبات کو محنت کے ساتھ تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے اور انہیں گھریلو کام کاج میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا مشورہ دیا۔ محترمہ نسرین فاطمہ پرنسپال اسکول و جنرل سکریٹری سائنس فیر اکیڈیمی نے اسکول کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نیشنل سائنس فیر (چینائی) میں اسکول کے طلباء و طالبات کی مسلسل کارکردگی کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ انہوں نے  بتایا کہ اسکول کے سائنس لیباریٹریز تمام عصری سہولیات و آلات سے آراستہ ہیں۔ تمام سائنس لیباریٹریز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے تاکہ طلباء و طالبات سائنس کے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہوسکیں اور سائنٹفک خطوط پر معاشرہ کی تشکیل دینے میں اہم رول ادا کرسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابن سینا لیاب کا مقصد بچوں کی ہمہ جہت صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ہے‘ ان کے اعتماد میں اضافہ کرنا ہے اور تعلیمی سال کے آغاز کے پہلے اپنی پسند کے موضوعات کا انتخاب کرنا ہے۔ محترمہ نسرین فاطمہ نے بتایا کہ اسکول کی جانب سے اولیائے طلبہ کے ساتھ باقاعدگی سے میٹنگس کا اہتمام کیا جاتا ہے جس سے طلبہ کی کارکردگی سے ان کے سرپرست واقف رہتے ہیں۔ محترمہ نسرین فاطمہ نے کہا کہ ہر سال چینائی میں منعقد ہونے والے سائنس فیر اکیڈیمی کا مقصد ملک کے لئے ایسے باصلاحیت نوجوان پیش کرنا ہے جو سائنس اور ٹکنالوجی کے میدان میں نت نئی ایجادات سے ترقی میں اہم رول ادا کرسکیں۔
سائنس ٹیچرس کیلئے سائنس فیر ورکشاپ،گرین وچ اکیڈیمی بنڈلہ گوڑہ میں آج مقرر ، اساتذہ کو تربیت
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : سائنس فیر اکیڈیمی حیدرآباد کی جانب سے ایک روزہ ٹیچرز سائنس فیر ورکشاپ بروز جمعہ 10 مارچ کو 10 بجے دن سے ایک بجے دن تک گرین وچ اکیڈیمی اسکول بنڈلہ گوڑہ میں منعقد ہوگا ۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست و صدر اکیڈیمی محترمہ نسرین فاطمہ جنرل سکریٹری نے بتایا کہ ورکشاپ میں سائنس ٹیچرز کو سائنس فیر کے تعلق سے تربیت دی جائے گی اور سائنس فیر پراجکٹ کس طرح بنایا جائے اس کی عملی تربیت دی جائے گی ۔ سائنس فیر اکیڈیمی کے اراکین پروفیسر نسیم اختر ، محترمہ امتہ الحی فاطمہ ، نائب صدور ، جناب عبدالرحمان ، ڈاکٹر محمد مظفرعلی ساجد ، محترمہ راجیشوری ، محترمہ کشور راشد ، محترمہ غفور النساء ، محترمہ سعدیہ ثمرین ، ڈاکٹر سید غوث الدین نے تمام سائنس ٹیچرز ، اسکول انتظامیہ سے شرکت کی خواہش کی ہے ۔ مزید معلومات کے لیے فون نمبر 9949167860 پر ربط کریں ۔۔
’ مسلمانوں کے تشخص کو درپیش
خطرات ؟ ‘ کے زیر عنوان میموریل لکچر
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : ماہر تعلیم بانی کل ہند مجلس تعمیر ملت و اقبال اکیڈیمی کے گیارہویں میموریل لکچر 11 مارچ کو 7 بجے شام سالار جنگ میوزیم آڈیٹویم میں منعقد ہوگا ۔ صدارت جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت کریں گے ۔ محمد وہاج الدین صدیقی کنوینر نے بتایا کہ لکچر کا عنوان ’ مسلمانوں کے تشخص کو درپیش خطرات ؟ ‘ رکھا گیا ہے ۔ اسوس ایٹ پروفیسر افروز عالم صدر شعبہ پولیٹیکل سائنس مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی مقالہ پیش کریں گے ۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی معتمد آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور پروفیسر پرشوتم ریڈی سابق صدر شعبہ پولیٹکل سائنس و ماہر ماحولیات عثمانیہ یونیورسٹی بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کریں گے ۔ محفل کا آغاز قاری محمد عظیم الدین کی قرات کلام مجید سے ہوگا ۔ رضی الدین راشد نعت شریف ، محمد صادق مناجات حالی پیش کریں گے ۔ صدر اجلاس جناب سید جلیل احمد صدر کل ہند مجلس تعمیرملت کا خطاب ہوگا ۔۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT