Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / ن14 نومبر کو چاند کا نادر فلکیاتی نظارہ

ن14 نومبر کو چاند کا نادر فلکیاتی نظارہ

حیدرآباد ۔ 3 نومبر (سیاست نیوز) آزاد ہندستان کی تاریخ میں دوسری مرتبہ ہندستانیوں کو 14نومبر کو چمکدار و بڑا چاند دیکھنے کا موقع ملے گا جو سابق میں 1948میں دیکھا گیا تھا۔ ’سوپر مون‘ جی ہاں! سوپر مون 14نومبر کو نمودار ہوگا جو عام چودہویں کے چاند سے 14 فیصد بڑا اور30 فیصد چمکدار ہوگا ۔ماہرین فلکیات کے بموجب چاند کے زمین سے قریب ہونے کا یہ نادر نظارہ ہندستان میں 1948کے بعد پہلی مرتبہ دیکھا جا رہا ہے۔ عام طور پر ایسے نظارے ہو تے ہیں لیکن آئندہ سوپر مون کی چمک و دائرے کے متعلق پیش قیاسی سے واضح ہوتا ہے کہ 14نومبر 2016کو نادر فلکیاتی نظارہ دوبارہ 2034میں نظر آئیگا۔بتایا جاتا ہے کہ چاند سال میں 13-14مرتبہ زمین کے قریب پہنچتا ہے لیکن ہر مرتبہ چودہویں کا مکمل چاند نہیں ہوتا اسی لئے اس کا اندازہ لگایا جانا آسان نہیں ہوتا لیکن جب چودہویں شب کو چاند زمین کے قریب پہنچتا ہے تو اس کی ہئیت تبدیل ہو جاتی ہے اور وہ دائرے کے اعتبار سے بڑا نظر آنے کے علاوہ انتہائی چمکدار ہو جاتا ہے اور یہ نظارہ قابل دید ہوتا ہے۔ پلانیٹری سوسائیٹی کے مسٹر رگھونندن کمار کے بموجب اس سال 13مرتبہ چاند کرہ ٔ ارض کے قریب پہنچا تھا لیکن جو چاند 14نومبر کو کرۂ ارض کے قریب پہنچے گا وہ انتہائی قریب ہوگا اور دوبارہ چاند زمین سے اس قدر قریب 2034میں ہوگا۔تفصیلات کے بموجب 14نومبر کو طلوع ماہتاب 5:45بجے شام ریکارڈ کیا جائے گا اور اس دوران چاند کی چمک اور دائرے میں اضافہ واضح طور پر سادہ آنکھ سے محسوس کیا جا سکے گا۔ ماہرین فلکیات اس نادر فلکیاتی نظارہ کے مشاہدہ کو تاریخی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں کیونکہ اس نظارے کیلئے  ایک نسل نے انتظار کیا ۔ اسی لئے 14نومبر کو افق ہند پر نمودار ہونے والے اس نادر فلکیاتی مشاہدہ کو کافی اہمیت حاصل ہو رہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT