Monday , August 21 2017
Home / ہندوستان / وائس چانسلر علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کو وجہ نمائی نوٹس

وائس چانسلر علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کو وجہ نمائی نوٹس

فنڈس کی منتقلی، تقررات میں بے قاعدگیوں کے الزامات
نئی دہلی۔27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزارت فروغ انسانی وسائل نے وائس چانسلر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی لفٹننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ کو وجہ نمائی نوٹس دی ہے۔ یہ نوٹس انتظامی اور مالیاتی بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں دی گئی اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ 30 دن کے اندر جواب دیں نوٹس منگل کے دن روانہ کی گئی۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ نوٹس کا جواب وصول ہونے کے بعد وزارت اس کا جائزہ لے گی۔ جواب غیر اطمینان بخش رہا تو صدر جمہوریہ سے منظوری حاصل کرنے کے بعد تحقیقات شروع کی جائے گی۔ باخیرذرائع نے کہا کہ وائس چانسلر پر عائد کئے گئے الزامات میں پرائیویٹ ٹرسٹ کے لئے طلبہ سے حاصل کئے گئے فنڈس کی منتقلی، کیمپ میں امن و ضبط کے مسائل اور تقررات میں بے قاعدگیاں شامل ہیں۔ وجہ نمائی نوٹس پر وائس چانسلر کا ردعمل فوری نہیں معلوم ہوسکا۔ الہ آباد یونیورسٹی کے وائس چانسلر آر ایل ہنگلو کے نام بھی چند دن قبل وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی ۔ان پر جو الزامات عائد کئے گئے ان میں ایک او ایس ڈی کا غیر قانونی تقرر، شخصی سکیوریٹی پر بھاری رقومات خرچ کرنے کا الزامات شامل ہیں۔ پروفیسر ہنگلو نے کہا کہ انہیں ہنوز کوئی نوٹس وصول نہیں ہوئی ہے۔ لفٹننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ یو پی اے حکومت کی طرف سے واپس چانسلر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی مقرر کئے گئے جبکہ الہ آباد یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی حیثیت سے پروفیسر ہنگلو کا تقرر اس وقت کیا گیا جبکہ موجودہ حکومت میں سمرتی ایرانی انسانی وسائل کی ترقی کی وزیر تھیں۔

TOPPOPULARRECENT