Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / وائی ایس آر کانگریس کو نشانہ بنانے کانگریس و تلگو دیشم میں خفیہ سازباز

وائی ایس آر کانگریس کو نشانہ بنانے کانگریس و تلگو دیشم میں خفیہ سازباز

راہول گاندھی کی نیند سے بیداری ، پارتھا سارتھی وائی ایس آر سی پی قائد کا ریمارک
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائد سابق وزیر مسٹر پارتھا سارتھی نے کہا کہ ابھی نیند سے بیدار ہونے والے راہول گاندھی کو وائی ایس آر کانگریس پارٹی پر تنقید کرنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے ۔ آج حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی مفاد پرستی کے لیے راہول گاندھی نے آندھرا پردیش کے دو ٹکڑے ہونے کا تماشہ دیکھا ۔ انہوں نے 14 ماہ کے بعد انہیں آندھرا پردیش کے کسانوں کے مسائل یاد آنے کا طنزیہ ریمارکس کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں تلگو ریاستوں میں عوامی تائید سے کانگریس پارٹی محروم ہوگئی ہے ۔ آندھرا پردیش میں کانگریس پارٹی کا مکمل صفایا ہوگیا ہے ۔ راہول گاندھی آندھرا پردیش کے مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کی ہدایت پر انہیں بچانے کے لیے اننت پور میں پدیاترا کررہے ہیں تاکہ پوری طرح تلگو دیشم حکومت کی غلطیوں پر پردہ ڈالا جاسکے ۔ کانگریس اور تلگو دیشم پارٹی نے ایک دوسرے سے خفیہ سازباز کرتے ہوئے صرف اور صرف وائی ایس آر کانگریس پارٹی پر کیچڑ اُچھالنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی سے استفسار کیا کہ انہوں نے پٹی سیما پراجکٹ پر کیوں کوئی اعتراض نہیں جتایا ۔ نوٹ رائے ووٹ معاملے پر کیوں خاموشی اختیار کی ۔ سرخ صندل مزدوروں کے انکاونٹر پر کیوں ردعمل کا اظہار نہیں کیا ۔ پشکرالو کے دوران بھگدڑ سے راجمندری میں 30 افراد کی اموات کو کیوں نظر انداز کردیا ۔ ان اہم مسائل پر اپنے دورے اننت پور کے موقع پر کوئی تبصرہ نہیں کیا اور نہ ہی انہیں پارلیمنٹ میں موضوع بحث بنایا ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی آندھرا پردیش میں اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کررہی ہے ۔ جگن موہن ریڈی کو راہول گاندھی سے سبق حاصل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ راہول گاندھی اپنی ذمہ داری بخوبی نبھالیں ان کے لیے یہی کافی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT