Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / وائی ایس آر کانگریس کے تیسرے پلینری کا آغاز

وائی ایس آر کانگریس کے تیسرے پلینری کا آغاز

گنٹور 8 جولائی ( این ایس ایس ) وائی ایس آر کانگریس کے تیسرے پلینری کا ہفتہ کو منگل گری امراوتی میں آچاریہ ناگرجنا یونیورسٹی کیمپس میں آغاز ہوا ۔ اس پلینری کا مقصد پارٹی کیڈر میں ریاست کی تلگودیشم حکومت کے خلاف پرجوش بنانا ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس کے سربراہ و اے پی اسمبلی کے قائد اپوزیشن وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اس موقع پر ایک کتاب ’ چندرا بابو نائیڈو ۔ کرپشن کا بادشاہ ‘ کی رسم اجرائی انجام دی ۔ اس کتابچہ میں کچھ ثبوتوں کو پیش کرنے کا ادعا کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اس میں چندرا بابو نائیڈو حکومت کی رشوتوں اور اسکامس کو بے نقاب کیا گیا ہے جن کی جملہ رقم 3,75,000 کروڑ روپئے تک ہوتی ہے ۔ امکان ہے کہ وائی ایس جگن موہن ریڈی پارٹی قائدین پر آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے تیاری کرنے پر زور دینگے جو 2019 میں ہونے والے ہیں۔ اس دو روزہ پلینری میں جملہ 20 قرار دادیں منظور کی جائیں گی جن میں ریاست کو درپیش کئی مسائل کا احاطہ کیا جائیگا ۔ پلینری کا افتتاح انجام دیتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے کہا کہ وہ پارٹی کو مستحکم کرنے تجاویز پیش کریں۔ ان تجاویز کا جائزہ لینے کیلئے سینئر قائدین کی ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں جگن نے سابق چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے 68 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ایڈوپولہ پایا اسٹیٹ میں اپنے والد کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ پارٹی کی اعزازی صدر وجئے اماں ‘ راج شیکھر ریڈی کی دختر شرمیلا ‘ بہو بھارتی اور دوسرے بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT