Tuesday , August 22 2017
Home / Top Stories / وادی کشمیر میں پہاڑوں کی چوٹیوں پر ہلکی برفباری

وادی کشمیر میں پہاڑوں کی چوٹیوں پر ہلکی برفباری

پنجاب اور ہریانہ میں اقل ترین درجہ حرارت میں اضافہ ‘عوام کو راحت
سرینگر/چندی گڑھ ۔7فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ریاست جموں و کشمیر کے بلند پہاڑوں کی چوٹیوں پر آج ہلکی برفباری ہوئی جس سے پوری وادی میں بشمول لداخ اقل ترین درجہ حرارت میں بہتری پیدا ہوئی ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ چہارشنبہ سے بارش کا امکان ہے ۔ ہلکی برفباری اور بارش سرینگر۔جموں قومی شاہراہ کے چند علاقوں میں ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے کہا کہ جواہر ٹنل اور پٹنی ٹاپ پر تازہ ہلکی برفباری اور بارش وقفہ وقفہ سے ہوتی رہی ۔ دیگر علاقوں سے بھی بلند پہاڑوں کی چوٹیوں پر برفباری کی اطلاعات ملی ہیں ۔ بھدروا میں دو تا تین سنٹی میٹر برفباری ریکارڈ کی گئی تاہم بارش اور برف سے 300کلومیٹر اہم شاہراہ پر ٹریفک متاثر نہیں ہوئی ‘ صرف کشمیر باقی ملک سے کٹ گیا ۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ ریاست کے دور ایفتادہ علاقوں میں ہلکی برف باری اوربارش کے امکانات ہیں ۔ چندی گڑھ سے موصولہ اطلاع کے بموجب شمالی ہند کے میدانی علاقوں ریاست ہریانہ اور پنجاب کے عوام کو آج راحت حاصل ہوئی جب کہ اقل ترین درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ مغربی ہواؤں میں خلل اندازی ہے ‘ جن کی وجہ سے بعض مقامات پر بارش ہوا کرتی ہے ۔ اقل ترین درجہ حرارت جو بیشتر علاقوں میں گذشتہ چند دن سے 3تا 7 درجہ سیلسیس تھا آج 8تا 14درجہ سلسیس ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی ہے کہ مغربی ہوائیں شمالی پاکستان اور پڑوسی ممالک میں سرگرم ہے جن کے زیر اثر بعض مقامات جیسے چندی گڑھ ‘ امبالہ‘ یمنا نگر ‘ جگادھری‘ لدھیانہ  ‘ پٹیالہ ‘ موہالی اور ہوشیار پور میں ہلکی بارش کا امکان ہے ۔ رات کے درجہ حرارت میں دوبارہ کمی واقع ہونے کا اندیشہ ہے ۔ اقل ترین درجہ حرارت چندی گڑھ میں 13.8 ڈگری سلسیس تھا جو معمول سے 7 درجہ زیادہ ہے ۔

TOPPOPULARRECENT