Wednesday , October 18 2017
Home / Top Stories / وادی کشمیر کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال

وادی کشمیر کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال

گورنر این این ووہرہ کی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات
نئی دہلی۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں جاری بدامنی کے دوران گورنر این این ووہرہ نے آج مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔ انہوں نے ریاست کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ تقریباً 40 منٹ جاری اس ملاقات میں راج ناتھ سنگھ اور این این ووہرہ نے وادی میں حقیقی صورتحال اور اس سے نمٹنے کیلئے اقدامات کے بارے میں غوروخوض کیا۔ سرحد پار سے مداخلت کاری، علیحدگی پسندوں کی سرگرمیاں اور طلباء کا سڑکوں پر احتجاج جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سرحد کی صورتحال بالخصوص کل پاکستانی فوج کی جانب سے دو ہندوستانی سپاہیوں کا سر قلم کرنے کے واقعہ پر بھی بات چیت کی گئی۔ گورنر توقع ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کریں گے۔ جموں و کشمیر میں 9 اپریل کو سرینگر لوک سبھا کے لئے ضمنی انتخاب کے دوران تشدد کے واقعات پیش آئے جن میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔ اب تک وادی میں تشدد کے 200 سے زائد واقعات پیش آچکے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے 25 مئی کو اننت ناگ لوک سبھا حلقہ کیلئے ضمنی انتخاب منسوخ کردیا ہے۔ کمیشن کا یہ موقف ہے کہ وہاں انتخابات کیلئے حالات سازگار نہیں۔ کل 7 افراد بشمول 5 ملازمین پولیس کو حزب المجاہدین کے عسکریت پسندوں نے ہلاک کردیا تھا۔ گزشتہ ماہ بھی وادی میں تشدد جاری رہا اور طلباء سڑکوں پر نکل آئے۔ پہلی مرتبہ لڑکیوں کو بھی سکیورٹی عملہ پر سنگباری کرتے دیکھا گیا تھا۔ وادی کشمیر میں گزشتہ سال جولائی میں حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی انکاؤنٹر میں ہلاکت کے بعد سے تشدد کا سلسلہ شروع ہوا جو تقریباً 4 ماہ سے جاری ہے۔ اب تک 90 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے اور کئی سکیورٹی ارکان عملہ اور عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔

پلوامہ میں پولیس پر حملہ
سرینگر۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں عسکریت پسندوں نے کل پولیس پارٹی پر حملہ کیا تاہم کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں سپرنٹنڈنٹ بھی موجود تھے۔ عسکریت پسند تاریکی کا فائدہ اٹھاکر فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

TOPPOPULARRECENT