Sunday , September 24 2017
Home / Top Stories / واراناسی میں گنگا کے پل پر بھگدڑ ، 24 ہلاک ، 60 زخمی

واراناسی میں گنگا کے پل پر بھگدڑ ، 24 ہلاک ، 60 زخمی

چندولی ۔ /15 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)  واراناسی اور چنڈولی کی سرحد پر واقع راج گھاٹ پُل پر بھگدڑ کے نتیجہ میں کم سے کم 24 افراد ہلاک اور دیگر 60 زخمی ہوگئے ۔ ہندو مذہبی رسم کی انجام دہی کے لئے بھکتوں کی کثیر تعداد آج دوپہر اس مقام پر جمع ہوئی تھی ۔ پولیس نے کہا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مذہبی پیشوا جئے گرودیو کے ہزاروں بھگت ڈومری گاؤں میں گنگا کنارے دو روز کیمپ میں حصہ لینے کیلئے روانہ ہورہے تھے ۔ واراناسی کے چیف میڈیکل آفیسر وی وی سنگھ نے کہا کہ بشمول چند خواتین 24افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے جو حلقہ واراناسی کے رکن لوک سبھا بھی ہیں اور المناک واقعہ پر گہری رنج و غم کا اظہار کیا اور سینئر عہدیداروں کو صورتحال میں  بہتری پیدا کرنے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے مہلوکین کے خاندانوں کو فی کس دو لاکھ روپئے اور زخمیوں کو فی کس 50000 روپئے امداد کا اعلان کیا ۔ آئی جی (ضبط و قانون) ہری اوم شرما نے کہا کہ زخمیوں کو واراناسی اور چنڈولی کے مختلف دواخانوں میں شریک کردیا گیا ہے ۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ضبط و قانون دلجیت چودھری نے کہا کہ گنگا کے تنگ دامن پل پر بھاری ہجوم کے درمیان ایک شخص دم گھٹنے کے سبب فوت ہوگیا ۔ جس کے ساتھ ہی کئی افواہیں پھیلنے لگی جس کے نتیجہ میں بھگدڑ مچ گئی ۔ جئے گرودیو سنستھان کے ایک ترجمان راج بہادر نے کہا کہ پل منہدم ہونے کی افواہوں کے نتیجہ میں بھگدڑ ہوئی ہے ۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ کی کارکردگی میں خامیوں اور نقائص کا الزام بھی عائد کیا ۔

TOPPOPULARRECENT