Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / وارنر اور رینشا کی سنچریاں، پاکستانی بولنگ بے بس

وارنر اور رینشا کی سنچریاں، پاکستانی بولنگ بے بس

سڈنی ، 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ڈیوڈ وارنر اور میٹ رینشا کی شاندار سنچریوں کے سبب آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف سڈنی میں تیسرے اور آخری ٹسٹ کے آج پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں 365 رنز بنائے تھے اور اس کے صرف تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے ہیں۔ رینشا 18چوکوں کی مدد سے 167 اور پیٹر ہینڈس کومب 40 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں، ان دونوں کی شراکت میں 121 رنز کا اضافہ ہو چکا ہے۔ وارنر اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹسٹ میچ کے پہلے دن لنچ سے قبل سنچری بنانے والے دنیا کے پانچویں بیٹسمین بن گئے۔ ان سے قبل وکٹر ٹرمپر، چارلی میکارٹنی، سرڈان بریڈمین اور ماجد خان ٹسٹ میچ کے پہلے دن کھانے کے وقفے سے قبل سنچری بنا چکے ہیں۔ اسٹیو سمتھ نے اپنے 50ویں ٹسٹ میں ٹاس جیت کر سال نو کے پہلے ٹسٹ میچ میں پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیائی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔ جیکسن برڈ اور نک میڈنسن کی جگہ ہلٹن کارٹ رائٹ اور سٹیو اوکیف کو شامل کیا گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم بھی دو تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔ آؤٹ آف فارم سمیع اسلم کی جگہ شرجیل خان کو ٹسٹ کیاپ دی گئی جبکہ سہیل خان نے عمران خان کیلئے جگہ خالی کی ہے۔ وارنر اور رینشا نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 151 رنز کا اضافہ کیا۔ اس دوران وارنر پاکستان بولنگ پر مکمل طور پر چھائے رہے۔ انھوں نے اپنی سنچری صرف 78 گیندوں پر مکمل کی۔ وہ 17 چوکوں کی مدد سے 113رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ عثمان خواجہ تین کے انفرادی اسکور پر عمران خان کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ ہونے سے بچے، تاہم وہ 13 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔ گزشتہ دو ٹسٹ میچوں میں سنچری بنانے والے اسمتھ اس بار 24 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ رینشا نے اپنی پہلی سنچری 201 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔ یہ 14 سال میں پہلی بار ہوا ہے کہ دونوں آسٹریلیائی اوپنروں نے سڈنی میں ٹسٹ کی ایک ہی اننگز میں سنچریاں بنائی ہیں۔ رینشا کو 137 کے انفرادی اسکور پر امپائر رچرڈ النگورتھ نے یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو دے دیا لیکن ریویو نے یہ فیصلہ غلط ثابت کر دکھایا کیونکہ گیند پہلے بیاٹ پر لگی تھی۔ پیٹرہینڈس کومب 9 کے انفرادی اسکور پر یاسر کی گیند پر اسٹمپ ہونے سے بال بال بچ گئے۔ پاکستانی بولنگ ایک بار پھرخاص تاثر چھوڑنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ وہاب ریاض نے 63رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ یاسر ایک وکٹ کیلئے 132 رنز دے چکے ہیں۔ محمد عامر 58رنز دے کر ابھی تک پہلی کامیابی کے منتظر ہیں، جب کہ عمران خان کو 81 رنز دینے کے بعد بھی پہلی وکٹ کا انتظار ہے۔ آسٹریلیا پہلے ہی سیریز جیت چکا ہے۔ میزبانوں نے برسبین میں ڈے ؍ نائٹ ٹسٹ جیتا اور پھر ملبورن ٹسٹ میں اننگز اور 18 رنز سے فاتح ہوئے۔

TOPPOPULARRECENT