Friday , June 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / وارنر کی ایشز کے بائیکاٹ کی دھمکی

وارنر کی ایشز کے بائیکاٹ کی دھمکی

لندن۔6 جون (سیاست ڈاٹ کام )معاوضوں کے تنازعہ پر آسٹریلیائی کرکٹرز ’’تذبذب ‘‘کے بھنور میں پھنس گئے کیونکہ نائب کپتان ڈیوڈ وارنر نے ایک مرتبہ پھر ایشز کے بائیکاٹ کی دھمکی دیدی ہے انہوں نے جب آئی پی ایل کے دوران معاوضوں کے تنازعہ پر ایشز سیریز کے بائیکاٹ کا اشارہ دیا تھا تو مختلف حلقوں کی جانب سے ان پر سخت تنقید کی گئی تھی جہاں انکی جائیداد اور گاڑیوں کے حوالے سے بھی باتیں ہوئیں تاہم وارنر نے اب ایک مرتبہ پھر ایشز کے بائیکاٹ کی دھمکی دیدی ہے۔  انہوں نے کہا جو میں نے پہلے کہا تھا اب بھی اس پر قائم ہوں کیونکہ اگر ہم بے روز گار ہوں گے تو پھرہم کھیل بھی نہیں سکتے ،انہوں نے کہا مجھ سمیت تمام کھلاڑی کچھ مثبت ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں، یہ معاملہ آسٹریلیائی کرکٹرز اسوسی ایشن کے محفوظ ہاتھوں میں ہے اور وہی کرکٹ آسٹریلیا سے بات چیت کررہی ہے ، ہمیں امید ہے کہ جلد ہی کوئی معاہدہ ہوجائے گا۔وارنر نے کہا میرے ماضی کے بارے میں باتیں ہوئیں ، میں اپنے تمام کھلاڑیوں کیلئے کھڑا ہوا ہوں، ہم ہمیشہ ہی مناسب حصہ اور برابری چاہتے ہیں اور اسی بات پر سختی سے ڈٹے ہوئے ہیں،انہوں نے کہا کرکٹ آسٹرلیا جو کررہا اور کہہ رہا ہے وہ ہمیں میڈیا کے توسط سے معلوم ہوتا ہے لیکن ہماری توجہ چیمپئنز ٹرافی پر مرکوز ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT