Sunday , July 23 2017
Home / شہر کی خبریں / واستو کا خیال ۔آندھرا پردیش سیکریٹریٹ میں نئی گیٹ کی تنصیب

واستو کا خیال ۔آندھرا پردیش سیکریٹریٹ میں نئی گیٹ کی تنصیب

امراوتی 6 جولائی ( پی ٹی آئی ) جس وقت سے چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے اکٹوبر 2016 میں ریاست کے نئے عبوری ہیڈ کوارٹر امراوتی سے کام کرنا شروع کیا ہے اس وقت سے وہ یہ ادعا کر رہے ہیں کہ ریاست میں سب کچھ اچھا ہو رہا ہے ۔ تاہم ایسا لگتا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو اس عبوری ہیڈ کوارٹرس کامپلکس کے واستو سے خوش نہیں ہیں اور اس میں وہ کچھ تبدیلیاں کروا رہے ہیں۔ اس عبوری سیکریٹریٹ کیلئے اب شمالی سمت میں ایک نئے باب الداخلہ کو تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ واضح رہے کہ ہندوستانی فن تعمیر میں واستو کو کافی اہمیت دی جاتی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس عارضی سیکریٹریٹ کامپلکس کی کمپاؤنڈ وال کے ایک حصہ کو منہدم کردیا گیا ہے تاکہ یہاں واستو کی خرابیوں کو دور کرتے ہوئے ایک پانچواں باب الداخلہ تعمیر کیا جاسکے ۔ ریاستی وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو سے اس نئے باب الداخلہ کے تعلق سے جب استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کچھ توہمات سے بالاتر نہیں ہے ۔ اور واستو بھی اسی طرح کا ایک یقین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ ان نئی تبدیلیوں سے کچھ اچھی چیزیں ہونگی اور ریاست کے مالیہ میں بہتری پیدا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت کی بنا پر کچھ عمومی نوعیت کی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے جب سیکریٹریٹ کامپلکس میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ چیف منسٹر ے آفس بلاک کے انٹیرئیر کو ایک سال قبل تعمیر کے بعد منہدم کردیا گیا تھا کیونکہ یہ بھی واستو کے مطابق نہیں تھا ۔ ایک نئے باب الداخلہ کی تعمیر کی ایک وجہ یہ بھی بتائی جا رہی ہے کہ اس کی وجہ سے جملہ گیٹس کی تعداد 9 ہوجائیگی ۔ 9 کے ہندسے کو کچھ لوگ خوش بختی کی علامت سمجھتے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ فی الحال سیکریٹریٹ اور مقننہ کامپلکسیس کے چار چار گیٹس ہیں۔ نئے گیٹ سے جملہ باب الداخلوں کی تعداد 9 ہوجائے گی ۔ چیف منسٹر کے ایک سیاسی معاون نے یہ بات بتائی ۔ کیپیٹل ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ نہ صرف یہ کہ نئی گیٹ لگائی جا رہی ہے بلکہ موجودہ بلاکس میں بھی واستو کے مطابق کچھ تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کچھ نئے وزرا کے چیمبرس کی تیاری میں تاخیر ہو رہی ہے ۔ ریاست کا عارضی سیکریٹریٹ 750 کروڑ روپئے کے صرفہ سے تعمیر کیا گیا ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT